ایران کی تعمیر نو میں تعاون کریں گے، مشرق وسطیٰ کا سنہری دور شروع ہونے والا ہے، ٹرمپ

امریکی صدر نے ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کو عالمی امن کے لیے ایک عظیم دن قرار دیتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں خوشحالی اور تعمیر نو کے ایک نئے دور کی پیش گوئی کی ہے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران اور امریکہ کے درمیان جاری حالیہ کشیدگی کے خاتمے اور جنگ بندی کے عمل کو عالمی امن کے لیے ایک بہت بڑا دن قرار دیا ہے۔
اپنے ایک خصوصی بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران اب حقیقی معنوں میں امن چاہتا ہے کیونکہ وہ موجودہ صورتحال سے اکتا چکا ہے اور بالکل یہی حال باقی دنیا کا بھی ہے۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ اب مثبت اقدامات کا وقت آ گیا ہے، جس سے نہ صرف امن قائم ہوگا بلکہ بڑے پیمانے پر معاشی فوائد بھی حاصل کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران امریکہ جنگ بندی پر عالمی برادری کا ردعمل اور پاکستان کی ثالثی کا اعتراف
صدر ٹرمپ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمد و رفت اور وہاں پیدا ہونے والے ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے خطے میں تجارتی سرگرمیاں تیز ہوں گی اور بہت زیادہ پیسہ کمایا جا سکے گا۔
صدر نے مزید کہا کہ ایران اب اپنی تعمیر نو اور ترقی کا عمل شروع کر سکتا ہے، جس کے لیے امریکہ ہر طرح کے ساز و سامان کی فراہمی اور امداد میں تعاون کرے گا۔
امریکی صدر نے یقین دہانی کرائی کہ وہ اس پورے عمل کی خود نگرانی کریں گے تاکہ تمام معاملات خوش اسلوبی سے طے پا جائیں۔
انہوں نے مشرق وسطیٰ کے مستقبل کے حوالے سے انتہائی پرامید لہجے میں کہا کہ جس طرح امریکہ اس وقت ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، بالکل اسی طرح یہ وقت مشرق وسطیٰ کے لیے بھی ایک سنہری دور ثابت ہو سکتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











