جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

اگر ایران چاہتا ہے کہ معاملہ لبنان کی وجہ سے ٹوٹ جائے تو یہ ان کا انتخاب ہوگا، جے ڈی وینس

09 اپریل, 2026 08:24

امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ باقاعدہ مذاکرات اسی ہفتے شروع ہونے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کے ذریعے ایران سے رابطے کیے اور بات چیت کو آگے بڑھایا۔

جے ڈی وینس کے مطابق ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے عالمی تجارت اور تیل کی سپلائی بہتر ہونے کی امید ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنگ بندی میں مزید دو ہفتوں کی توسیع دی ہے تاکہ مذاکرات کا عمل جاری رہ سکے۔

امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا نے خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا نے کبھی یہ نہیں کہا کہ لبنان بھی اس جنگ بندی کا حصہ ہوگا۔ ان کے مطابق ایران نے خود یہ سمجھا کہ لبنان بھی سیز فائر میں شامل ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایران کی جانب سے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا گیا ہے۔ امریکا اس پر غور کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران لبنان کے معاملے کو بنیاد بنا کر مذاکرات ختم کرنا چاہتا ہے تو یہ اس کا اپنا فیصلہ ہوگا۔

جے ڈی وینس نے کہا کہ امریکا ایران پر عائد پابندیاں کم کرنے پر بھی بات کرنے کو تیار ہے، لیکن اس کے لیے ایران کو عملی قدم اٹھانا ہوگا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ایران سنجیدگی نہ دکھائے تو صدر ٹرمپ کے پاس جنگ کا آپشن بھی موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران جتنا زیادہ تعاون کرے گا، اتنا ہی اسے مذاکرات میں فائدہ ہوگا۔ امریکا چاہتا ہے کہ مسئلہ بات چیت سے حل ہو، لیکن اس کے لیے دونوں جانب سے سنجیدگی ضروری ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔