سعودی عرب میں حالیہ حملوں سے توانائی منصوبے شدید متاثر؛ تیل پیداواری صلاحیت میں یومیہ لاکھوں بیرل کمی ہوئی، رپورٹ

ریاض: سعودی عرب میں حالیہ حملوں کے نتیجے میں توانائی کے اہم منصوبے شدید متاثر ہوئے ہیں، جس کے باعث تیل اور گیس کی پیداوار اور ترسیل میں نمایاں کمی سامنے آئی ہے۔
سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایک تیل پمپنگ اسٹیشن کو نشانہ بنائے جانے سے یومیہ 7 لاکھ بیرل تیل کی ترسیل متاثر ہوئی۔ اس کے علاوہ منیفہ اور خریص آئل فیلڈز پر حملوں کے باعث پیداوار میں روزانہ 3 لاکھ بیرل کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ مجموعی طور پر سعودی عرب کی تیل پیداواری صلاحیت میں یومیہ تقریباً 6 لاکھ بیرل کی کمی آئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جبیل میں قائم سٹورپ، راس تنورہ، ینبع میں سامرف اور ریاض ریفائنری جیسے بڑے صنعتی پلانٹس بھی ان حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ ان تنصیبات کے متاثر ہونے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی فراہمی پر بھی اثر پڑ رہا ہے۔
سعودی میڈیا کے مطابق جُعیمہ کے پروسیسنگ پلانٹس میں آگ لگنے سے ایل پی جی کی برآمدات متاثر ہوئیں۔ ان حملوں کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ سات شہری زخمی ہوئے، جس سے صورتحال کی سنگینی مزید واضح ہوتی ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس نوعیت کے حملے جاری رہے تو نہ صرف سعودی عرب بلکہ عالمی سطح پر تیل کی سپلائی مزید متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں توانائی کی قیمتوں میں اضافہ اور عالمی معیشت پر دباؤ بڑھنے کا خدشہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











