لبنان جنگ بندی معاہدے کا حصہ، کسی صورت الگ نہیں ہوگا؛ ایران کا امریکا کو واضح پیغام

تہران: ایران نے امریکا کو واضح پیغام دیا ہے کہ لبنان جنگ بندی معاہدے کا لازمی حصہ ہے اور اسے کسی صورت الگ نہیں کیا جا سکتا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر ڈاکٹر محمد باقر قالیباف نے بغیر نام لیے امریکا کو خبردار کیا کہ وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کا اتحادی لبنان سمیت تمام مزاحمتی محاذ جنگ بندی کا مستقل حصہ ہیں اور یہی ایران کی پیش کردہ 10 نکاتی تجویز کا پہلا نکتہ ہے۔
باقر قالیباف نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی لبنان کے معاملے پر واضح اور دوٹوک مؤقف دے چکے ہیں۔ ان کے مطابق اب اس معاملے سے پیچھے ہٹنے یا انکار کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی اور اس کا سخت ردعمل سامنے آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کو فوری طور پر ختم کرنا ضروری ہے تاکہ حالات مزید خراب نہ ہوں۔
دوسری جانب امریکا اور اسرائیل کا مؤقف مختلف ہے۔ دونوں ممالک کا کہنا ہے کہ لبنان ایران-امریکا جنگ بندی معاہدے کا حصہ نہیں ہے۔ امریکا ایران کی ابتدائی 10 نکاتی تجویز کو مسترد کر چکا ہے، جبکہ نئی تجاویز پر ایران اور پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ تاہم امریکا نے ان نئی تجاویز کی مکمل تفصیلات ابھی تک سامنے نہیں لائی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










