اسرائیل کی بربریت جاری، لبنان پر تازہ حملوں میں مزید پانچ افراد شہید

لبنان کے جنوبی قصبے قانا پر اسرائیلی فضائی حملے میں پانچ افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک راکٹ لانچر کو نشانہ بنایا ہے۔
لبنان کی قومی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے قصبے قانا میں اسرائیلی فضائیہ نے ایک تباہ کن حملہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم پانچ شہری شہید ہو گئے ہیں۔
امدادی ٹیمیں ملبے سے زخمیوں کو نکال کر قریبی شہر صور کے اسپتالوں میں منتقل کرنے میں مصروف ہیں۔
اسرائیلی فوج نے اس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ انہوں نے جوایہ کے علاقے میں ایک ایسے راکٹ لانچر کو تباہ کیا ہے، جو اسرائیل پر داغے جانے کے لیے بالکل تیار تھا۔ تاہم، مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس کارروائی میں عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : لبنان میں اسرائیلی حملے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہیں: ایرانی صدر
قانا کا قصبہ لبنان کی تاریخ میں ایک المناک شہرت رکھتا ہے کیونکہ یہاں 1996 اور 2006 میں بھی اسرائیل کی جانب سے بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جا چکا ہے۔ حالیہ حملے صور کے دیگر علاقوں بشمول معرکہ میں بھی کیے گئے، جہاں مزید تین افراد زخمی ہوئے۔
یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والی حالیہ جنگ بندی کے دائرہ کار پر ابہام پایا جاتا ہے کہ آیا اس میں لبنان شامل ہے یا نہیں۔
دوسری جانب اسرائیل اور لبنان کے درمیان براہ راست مذاکرات اگلے ہفتے واشنگٹن میں شیڈول ہیں، لیکن موجودہ بمباری نے ان مذاکرات کی کامیابی پر سوالیہ نشان لگا دیے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










