اتوار، 12-اپریل،2026
اتوار 1447/10/24هـ (12-04-2026م)

مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے باوجود پاکستان کا ثالثی چینل برقرار ہے، امریکی ماہرین

12 اپریل, 2026 09:12

امریکی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ کوئی باقاعدہ معاہدہ طے نہیں پا سکا، لیکن پاکستان کی جانب سے فراہم کردہ ثالثی کا راستہ اب بھی کھلا ہے۔

اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکراتی دور کے اختتام پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کے بیانات سے یہ واضح اشارہ ملا ہے کہ فریقین کے درمیان بات چیت کا راستہ ابھی بند نہیں ہوا ہے۔

اس پوری صورتحال میں سب سے اہم پہلو یہ ہے کہ پاکستان کی جانب سے فراہم کیا گیا ثالثی کا چینل اب بھی فعال ہے اور پاکستانی ثالثوں کا کردار ختم نہیں ہوا ہے۔

سفارتی حلقوں میں اس بات کو انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے کہ پاکستان نے وہ کر دکھایا جو دیگر ممالک کے لیے ناممکن تھا؛ یعنی عمان جیسے ممالک نے فریقین کو الگ الگ کمروں میں بٹھا کر بات کروائی تھی، لیکن پاکستان نے امریکہ اور ایران کو ایک ہی میز پر آمنے سامنے لا بٹھایا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا رویہ اس حوالے سے کافی حد تک لاتعلقی کا عکاس رہا ہے۔ جس وقت اسلام آباد میں اعصاب شکن مذاکرات جاری تھے، صدر ٹرمپ میامی میں ایک کشتی کے مقابلے میں مصروف تھے، جو اس بات کی علامت ہے کہ وہ اس معاملے سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ وہ سب مانگ رہا ہے، جو وہ جنگ سے حاصل نہ کر سکا، ایرانی مذاکراتی وفد

صدر ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ معاہدہ ہو یا نہ ہو، ان کے لیے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ وہ پہلے ہی جیت چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ صدر ٹرمپ دراصل اس جنگ اور طویل تنازع سے نکلنے کے لیے ایک باعزت راستہ تلاش کر رہے ہیں۔

ان کی جانب سے جیت کا اعلان کرنا دراصل ایک ایسا ہی راستہ ہو سکتا ہے، جس کے ذریعے وہ کسی باقاعدہ تحریری معاہدے کے بغیر بھی اپنی کامیابی کا جھنڈا گاڑ کر پیچھے ہٹ سکیں۔

اگرچہ نائب صدر جے ڈی وینس مذاکراتی میز سے اٹھ کر واپس جا رہے ہیں، لیکن اس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ سفارت کاری کا عمل دفن ہو گیا ہے۔

پاکستان کی ثالثی کی کوششوں نے ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے، جو مستقبل میں کسی بھی وقت دوبارہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔

اس وقت صورتحال یہ ہے کہ اگرچہ بچہ اور نہانے کا پانی دونوں ہی ضائع ہوتے نظر آ رہے ہیں، لیکن وہ ٹب یعنی مذاکراتی چینل اب بھی وہیں موجود ہے اور یہی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

پاکستان کا یہ کردار خطے میں امن کی بحالی اور دو روایتی حریفوں کو قریب لانے کے حوالے سے آنے والے دنوں میں مزید اہمیت اختیار کر سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔