ہمیں مذاکرات کی کوئی جلدی نہیں، گیند اب امریکہ کے کورٹ میں ہے، ایران

ایرانی حکام نے اسلام آباد مذاکرات کے بعد اپنے ردعمل میں واضح کیا ہے کہ تہران کو مذاکرات کی کوئی جلدی نہیں ہے اور اب آگے بڑھنے کی تمام تر ذمہ داری امریکہ پر عائد ہوتی ہے۔
ایران کی نیم سرکاری خبر رساں ایجنسی تسنیم نے ایک باخبر ذریعے کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد اب گیند امریکہ کے کورٹ میں ہے۔
ایرانی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران کسی قسم کی جلدی میں نہیں ہے اور وہ اپنے قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے مذاکراتی میز پر انتہائی معقول تجاویز اور اقدامات پیش کیے تھے، لیکن اب یہ امریکہ پر منحصر ہے کہ وہ ان مسائل کو حقیقت پسندانہ نظر سے دیکھے اور اپنی ضد ترک کرے۔
ایرانی ذرائع نے امریکہ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن نے مذاکرات کے دوران وہی غلطی کی، جو اس نے میدان جنگ میں کی تھی، یعنی صورتحال کا غلط اندازہ لگانا۔
یہ بھی پڑھیں : مذاکرات بے نتیجہ ختم ہونے کے باوجود پاکستان کا ثالثی چینل برقرار ہے، امریکی ماہرین
ذریعے نے خبردار کیا ہے کہ جب تک امریکہ ایک معقول اور منصفانہ معاہدے پر رضامند نہیں ہوتا، تب تک آبنائے ہرمز کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔
ایران نے واضح کر دیا ہے کہ اسٹریٹجک اہمیت کی حامل اس آبی گزرگاہ پر اس کا مؤقف اٹل ہے اور امریکی دباؤ اسے اپنے فیصلے بدلنے پر مجبور نہیں کر سکتا۔
باخبر ذریعے کا مزید کہنا تھا کہ ایران اپنی معیشت اور دفاعی پالیسیوں کو کسی عارضی معاہدے کے سہارے نہیں چھوڑے گا، اسی لیے اسے مذاکرات کے اگلے دور کے لیے کوئی عجلت نہیں ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فی الحال فریقین کے درمیان مذاکرات کے اگلے مرحلے کے لیے کسی تاریخ یا مقام کا تعین نہیں کیا گیا ہے۔
ایران کا یہ مؤقف ظاہر کرتا ہے کہ وہ خطے میں اپنی پوزیشن کو مضبوط سمجھتا ہے اور اب وہ انتظار کرو اور دیکھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جبکہ عالمی برادری کی نظریں اب امریکی صدر کے اگلے قدم پر جمی ہوئی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











