حزب اللہ کا اسرائیل پر جوابی حملہ، 24 گھنٹوں میں 43 مقامات کو نشانہ بنا دیا

حزب اللہ نے ایک ہی دن میں اسرائیلی ٹھکانوں پر 43 حملے کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ اسرائیلی حملوں میں لبنانی شہداء کی تعداد دو ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
لبنان کی مسلح تنظیم حزب اللہ نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان اور شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوج کے 43 مختلف ٹھکانوں پر راکٹوں اور ڈرونز سے حملے کیے ہیں۔
ان حملوں میں جنوبی لبنان کے قصبوں خیام، بیاضہ اور بنت جبیل کے قریب موجود اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں اور کریات شمونا سمیت متعدد اسرائیلی بستیوں پر بھی راکٹ داغے گئے۔ حزب اللہ کا کہنا ہے کہ انہوں نے کئی اسرائیلی فوجی بیرکوں اور اڈوں کو کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کی بربریت جاری، لبنان پر تازہ حملوں میں مزید پانچ افراد شہید
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ان حملوں کے نتیجے میں جنوبی لبنان میں موجود پیرا ٹروپر ڈویژن کے دو ایلیٹ فوجی زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب لبنانی وزارتِ صحت نے افسوسناک اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دو مارچ سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک شہداء کی تعداد دو ہزار پچپن ہو چکی ہے، جبکہ چھ ہزار پانچ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ اس نے شمالی اسرائیل پر راکٹوں کی بارش اسرائیلی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں اور لبنانی دیہاتوں پر حملوں کے جواب میں کی ہے۔
تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ جوابی کارروائیاں اس وقت تک جاری رہیں گی، جب تک لبنان اور اس کے عوام کے خلاف اسرائیلی اور امریکی جارحیت کا مکمل خاتمہ نہیں ہو جاتا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











