اسرائیل کی لبنان میں اقوام متحدہ کی گاڑی پر نقصان پہنچانے کی کوشش، امن اہلکار بال بال بچ گیا

لبنان میں تعینات اقوامِ متحدہ کی امن فوج یونیفل نے الزام عائد کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے جان بوجھ کر ان کی گاڑیوں کو ٹینکوں سے ٹکر ماری اور ان کے سامان کو نقصان پہنچایا۔
لبنان میں تعینات اقوامِ متحدہ کی عبوری امن فوج (یونیفل) نے ایک سنگین انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں نے اتوار کے روز دو مرتبہ ان کی گاڑیوں کو اپنے ٹینکوں سے ٹکر ماری۔ ایک واقعے میں گاڑی کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
یونیفل نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیلی فوج نے نہ صرف ان کے ساز و سامان کو نقصان پہنچایا بلکہ حالیہ دنوں میں امن دستوں کو جانی نقصان پہنچانے کی بھی کوششیں کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے ان علاقوں میں انتباہی گولیاں چلائیں، جہاں امن فوج موجود تھی اور ایک گولی تو ایک اہلکار سے محض ایک میٹر کے فاصلے پر لگی۔
یہ بھی پڑھیں : حزب اللہ کا اسرائیل پر جوابی حملہ، 24 گھنٹوں میں 43 مقامات کو نشانہ بنا دیا
یونیفل نے مزید الزام لگایا ہے کہ اسرائیلی فوج مسلسل ان کے راستوں کو بلاک کر رہی ہے اور ان کی نقل و حرکت کی آزادی سلب کی جا رہی ہے۔
اس کے علاوہ نقورہ میں واقع ہیڈ کوارٹر کے سیکیورٹی کیمرے توڑ دیئے گئے اور کھڑکیوں پر رنگ (اسپرے پینٹ) کر دیا گیا تاکہ نگرانی کا نظام متاثر ہو۔ دوسری جانب اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کا کہنا ہے کہ وہ ان الزامات کا جائزہ لے رہی ہے۔
واضح رہے کہ اقوامِ متحدہ کا یہ امن مشن گزشتہ 45 سالوں سے جنوبی لبنان میں کام کر رہا ہے، جس میں 50 ممالک کے اہلکار شامل ہیں۔
اسرائیل اس سے قبل بھی امن فوج کے ٹھکانوں کے قریب حزب اللہ کی موجودگی کے بہانے فائرنگ کرتا رہا ہے، جس پر عالمی سطح پر شدید تنقید کی جا رہی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











