ہنگری میں سیاسی انقلاب، ٹرمپ کے اتحادی وکٹر اوربان کا سولہ سالہ اقتدار انجام کو پہنچ گیا

ہنگری میں سولہ سال سے جاری وکٹر اوربان کی حکمرانی کا سورج غروب ہو گیا ہے، جہاں ایک سابقہ پارٹی رکن پیٹر میگیار نے ملک گیر انتخابی مہم کے بعد بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے سب کو حیران کر دیا ہے۔
ہنگری کی سیاسی تاریخ نے ایک نیا موڑ لے لیا ہے، جہاں وکٹر اوربان کے سولہ سالہ اقتدار کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ وہ نظام جسے دنیا بھر میں انتخابی آمریت کے نام سے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، پینتالیس سالہ پیٹر میگیار کے ہاتھوں مکمل طور پر بکھر گیا ہے۔
پیٹر میگیار، جو کبھی وکٹر اوربان کی پارٹی کے قریبی ساتھی رہے ہیں، ہنگری کے عوام کو یہ باور کرانے میں کامیاب رہے کہ ملک میں تبدیلی ناگزیر ہے۔
اب تک کے غیر حتمی انتخابی نتائج کے مطابق، میگیار کی تسا پارٹی ایک سو اڑتیس نشستوں کے ساتھ واضح اکثریت حاصل کرنے کی پوزیشن میں ہے، جبکہ اوربان کی حکمران جماعت فیڈیز محض پچپن نشستوں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے۔
پیٹر میگیار نے دارالحکومت بوڈاپیسٹ میں دریائے ڈینیوب کے کنارے اپنے پرجوش حامیوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ہنگری کے عوام نے مل کر اس جابرانہ حکومت کا تختہ الٹ دیا ہے۔
انہوں نے اس فتح کو ایک معجزہ قرار دیتے ہوئے اس کا موازنہ اٹھارہ سو اڑتالیس کے ہنگری کے انقلاب اور انیس سو چھپن کی سوویت یونین کے خلاف بغاوت سے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : صدر ٹرمپ ایران پر فضائی حملے دوبارہ شروع کرنے پر غور کر رہے ہیں، وال اسٹریٹ جرنل
میگیار نے گزشتہ دو سالوں میں ملک کے کونے کونے کا دورہ کیا اور عوام کو اس کرپشن اور اقربا پروری کے خلاف متحرک کیا جو اوربان دور کی پہچان بن چکی تھی۔
اس بار ہنگری کی تاریخ میں ریکارڈ تقریباً اسی فیصد ٹرن آؤٹ دیکھا گیا، جس نے ثابت کر دیا کہ عوام تبدیلی کے لیے کتنے بے چین تھے۔
شکست خوردہ وکٹر اوربان نے خود پیٹر میگیار کو فون کر کے مبارکباد دی اور اپنی شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ نتائج تکلیف دہ ہیں اور اب ہمیں اپنے زخم بھرنے کے لیے وقت چاہیے۔
دوسری جانب پیٹر میگیار نے اقتدار سنبھالتے ہی نظامِ تعلیم اور صحت میں انقلابی تبدیلیوں، عدلیہ کی آزادی کی بحالی اور بدعنوانی کے خاتمے کا وعدہ کیا ہے۔
ان کی فتح پر پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک سمیت کئی یورپی رہنماؤں نے مبارکباد دی ہے۔ میگیار نے اعلان کیا ہے کہ وہ روس کے ساتھ قریبی تعلقات کے بجائے یورپی یونین کے ساتھ بہتر مراسم استوار کریں گے اور ان کے اقتدار کا پہلا غیر ملکی دورہ پولینڈ کا ہوگا، تاکہ دونوں ممالک کی قدیم دوستی کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











