پیر، 13-اپریل،2026
پیر 1447/10/25هـ (13-04-2026م)

امریکی رویہ امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، ایرانی صدر کی پیوٹن سے گفتگو

13 اپریل, 2026 10:14

ایرانی صدر نے روسی صدر کو فون کر کے پاکستان میں ہونے والے مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور امریکی رویے کو امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ قرار دیا۔

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو فون کیا اور انہیں پاکستان میں ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے حالیہ مذاکرات کے نتائج سے آگاہ کیا۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ یہ مذاکرات کسی بھی معاہدے کے بغیر ختم ہو گئے ہیں۔

گفتگو کے دوران ایرانی صدر نے کہا کہ ایک منصفانہ معاہدے تک پہنچنے میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکی جانب سے اختیار کردہ دوہرا معیار اور تسلط پسندانہ رویہ ہے۔ ایران ایک ایسے متوازن اور منصفانہ معاہدے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے جو خطے میں پائیدار امن اور سلامتی کی ضمانت دے سکے۔

یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد مذاکرات؛ وہ تین بڑے تنازعات جن کے باعث امریکہ ایران معاہدہ نہ ہو سکا

صدر مسعود پزشکیان نے روسی صدر کو بتایا کہ ایران کی سرخ لکیر اس کے قومی مفادات اور عوام کے حقوق ہیں، جن پر کسی صورت سودے بازی نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر امریکہ عالمی قانونی ڈھانچے کا احترام کرے تو معاہدہ ممکن ہو سکتا ہے، لیکن امریکی ہٹ دھرمی کی وجہ سے معاملات آگے نہیں بڑھ سکے۔

روس نے بھی اس موقع پر خطے میں استحکام کی ضرورت پر زور دیا ہے، تاہم ایران نے واضح کر دیا ہے کہ وہ دباؤ میں آکر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔