کوئی پرواہ نہیں کہ ایران مذاکرات کی میز پر واپس آتا ہے یا نہیں، امریکی صدر

امریکی صدر نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کو انتہائی مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ ایران مذاکرات کی میز پر واپس آتا ہے یا نہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن واپسی پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کا فیصلہ تہران کو لگام ڈالنے کے لیے بہت مؤثر ثابت ہوگا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ دیگر ممالک بھی اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں تاکہ ایران کو تیل کی فروخت سے روکا جا سکے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت انتہائی بری حالت میں ہے اور اس کی فوج تباہ ہو چکی ہے، جبکہ اس کی پوری بحریہ سمندر کی تہہ میں جا چکی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : برطانیہ کا آبنائے ہرمز کیلئے نیا اتحاد بنانے کا فیصلہ، امریکی ناکہ بندی کا حصہ بننے سے انکار
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں اس بات کی بالکل فکر نہیں ہے کہ ایرانی حکام مذاکرات کے لیے واپس آتے ہیں یا نہیں، اگر وہ نہیں آتے تو بھی انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
صدر ٹرمپ نے اپنے مخصوص انداز میں کیتھولک چرچ کے سربراہ پوپ لیو چہاردہم کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ پوپ نے حال ہی میں ایران پر جنگ ختم کرنے کی اپیل کی تھی اور طاقت کے غرور کو تنازع کی وجہ قرار دیا تھا۔
اس پر ردِعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ پوپ کمزور ہیں اور انہیں اپنی توجہ چرچ پر رکھنی چاہیے نہ کہ سیاست پر۔ ٹرمپ نے یہاں تک دعویٰ کر دیا کہ اگر وہ وائٹ ہاؤس میں نہ ہوتے تو شاید پوپ لیو کبھی منتخب نہ ہو پاتے۔
ایران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے انہوں نے دوبارہ کہا کہ پاکستان میں ہونے والے مذاکرات اس لیے ناکام ہوئے کیونکہ ایران اپنا ایٹمی ایجنڈا چھوڑنے کو تیار نہیں تھا، لیکن امریکہ اسے کبھی ایٹمی طاقت نہیں بننے دے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











