بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

کرکٹ کی دنیا بڑے نام سے محروم!!! سابق اسپنر انتقال کرگئے

21 جنوری, 2026 16:27

معروف انگلش کرکٹر اور بائیں ہاتھ کے اسپن بولر نارمن گفورڈ طویل علالت کے بعد 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ نارمن گفورڈ کو انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کی تاریخ کے کامیاب اور بااثر کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

نارمن گفورڈ نے اپنے کیریئر کا آغاز ورسسٹرشائر سے کیا اور طویل عرصے تک اس ٹیم کا حصہ رہے۔ وہ 1964 اور 1965 میں ورسسٹرشائر کی کاؤنٹی چیمپئن شپ جیتنے والی ٹیموں کے اہم رکن تھے۔ بعد ازاں 1974 میں انہوں نے کپتان کی حیثیت سے ٹیم کو ایک اور چیمپئن شپ جتوائی۔ اس کے علاوہ 1971 میں ورسسٹرشائر کو سنڈے لیگ کا پہلا ٹائٹل دلوانے میں بھی ان کا کردار نمایاں رہا۔

انہوں نے 1960 سے 1982 تک 22 برس تک فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی اور اس دوران 1,615 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کی شاندار بولنگ صلاحیتوں کا واضح ثبوت ہیں۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں 1975 میں وزڈن کرکٹر آف دی ایئر منتخب کیا گیا، جبکہ 1978 میں کرکٹ کے لیے نمایاں خدمات پر انہیں ایم بی ای کا اعزاز بھی دیا گیا۔

نارمن گفورڈ نے انگلینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے 1964 سے 1973 کے درمیان 15 ٹیسٹ میچز کھیلے اور 33 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی بہترین کارکردگی پاکستان کے خلاف کراچی ٹیسٹ میں رہی، جہاں انہوں نے 55 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔ بعد ازاں 44 برس کی عمر میں انہوں نے شارجہ میں ہونے والے روتھمینز فور نیشنز کپ میں انگلینڈ کی قیادت بھی کی۔

اپنے کیریئر کے آخری حصے میں وہ واروکشائر سے وابستہ ہو گئے اور پانچ سیزن تک ٹیم کی قیادت کی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی وہ کرکٹ سے جڑے رہے اور ورسسٹرشائر کے صدر اور بعد میں اعزازی نائب صدر کے عہدے پر فائز رہے۔ ان کی خدمات کے اعتراف میں ورسسٹرشائر اور واروکشائر کے درمیان کھیلے جانے والے میچز کو ’’نارمن گفورڈ ٹرافی‘‘ کا نام دیا گیا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔