ملتان سلطانز اور پی ایس ایل کی راہیں جدا

ملتان سلطانز اور پی ایس ایل کی راہیں جدا
پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانز کا سفر باضابطہ طور پر اختتام کو پہنچ گیا ہے، فرنچائز کا معاہدہ ختم ہو چکا ہے اور آئندہ ایڈیشن میں ٹیم کے انتظامی امور پاکستان کرکٹ بورڈ خود سنبھالے گا، جس کے بعد فرنچائز کو نئے خریداروں کو فروخت کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق فرنچائز اونر کی جانب سے سخت بیانات اور بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے جاری نوٹس کو مسترد کرنے کے واقعے نے دونوں فریقین کے درمیان فاصلے مزید بڑھا دیے، جس کے بعد معاملات میں بہتری کی کوئی گنجائش باقی نہ رہی۔ اسی وجہ سے دیگر ٹیموں کے برعکس ملتان سلطانز کو معاہدے میں توسیع کی پیشکش نہیں کی گئی۔
پی سی بی نے فوری طور پر کنٹریکٹ ختم کرنے کے بجائے 31 دسمبر تک انتظار کیا، جس کے بعد فرنچائز کا معاہدہ باضابطہ طور پر ختم کر دیا گیا۔ اب پی ایس ایل کے 11 ویں ایڈیشن میں ملتان کی ٹیم براہِ راست بورڈ کے زیرِ انتظام ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ٹیم کو فروخت کیا جائے گا، جبکہ نام برقرار رکھا جائے یا تبدیل کیا جائے، اس کا فیصلہ نئے مالکان کریں گے۔ اس تبدیلی کے ساتھ فرنچائز کے تمام سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور ویب سائٹ بھی موجودہ انتظامیہ کے کنٹرول سے نکل چکے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق ملتان سلطانز کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر لاکھوں فالوورز موجود ہیں، جن میں فیس بک پر 17 لاکھ، ایکس پر 7 لاکھ 74 ہزار، انسٹاگرام پر 5 لاکھ 76 ہزار اور ٹک ٹاک پر 5 لاکھ 6 ہزار فالوورز شامل ہیں۔ یہ دوسری مرتبہ ہے کہ ملتان سلطانز فرنچائز اونرشپ سے محروم ہوئی ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










