بدھ، 7-اکتوبر،2026
بدھ 1448/04/26هـ (07-10-2026م)

وزیر اعظم کی ایم ایل ون پر کام تیز کرنے اور ریلوے میں کارپوریٹ طرز پر اصلاحات کی ہدایت

07 اکتوبر, 2026 14:34

وزیر اعظم نے مین لائن ون منصوبے کی اپ گریڈیشن پر تیزی سے کام کرنے اور پاکستان ریلوے میں کارپوریٹ طرز پر اصلاحات لانے کی سخت ہدایت کردی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں اصلاحات کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعظم نے پاکستان ریلوے کی قبضہ شدہ زمینوں کی نشاندہی اور ان کی واگزاری کے لیے چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب اور وزارتِ ریلوے کی ٹیموں کی شاندار کاوشوں کو سراہا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی، مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور فریٹ ٹرانسپورٹ میں اضافے کے لیے مین لائن ون کی جدت بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ریلوے کو مضبوط اور معاشی طور پر خود کفیل بنانے کے لیے کارپوریٹ طرز پر اصلاحات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، وزیر اعظم

انہوں نے ہدایت کی کہ ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی نشاندہی شدہ اراضی کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لاتے ہوئے کمرشل بنیادوں پر ایم ایل ون کی تعمیر عمل میں لائی جائے۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ریلوے کی املاک میں موجود حقیقی تجارتی صلاحیت کو استعمال کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ سکے۔

اجلاس میں وزیراعظم نے ریلوے کی اراضی پر مختلف کمرشل منصوبوں کے ذریعے بینکوں کی فنڈنگ حاصل کرکے ایم ایل ون کی تعمیر کے لیے کام کرنے کی منظوری دی اور آئندہ دو ہفتوں میں اس حوالے سے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ایک ہزار 726 کلومیٹر طویل ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کو چار بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں کراچی سے روہڑی، روہڑی سے ملتان، ملتان سے لاہور اور لاہور سے پشاور کے سیکشنز شامل ہیں۔

کراچی سے روہڑی سیکشن کے لیے عالمی فنانسنگ سے استفادہ کیا جا رہا ہے جبکہ دیگر سیکشنز کے لیے مقامی وسائل سے فنڈنگ کا منصوبہ ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔