مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں مگر ریاست کو یرغمال بنا کر کوئی مطالبہ نہیں منوایا جا سکتا، رانا ثناء اللہ

رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ قومی مفاد پر ذاتی اور سیاسی ایجنڈے کو ہرگز ترجیح نہیں دی جا سکتی، ریاست کو یرغمال بنا کر کسی بھی قسم کا مطالبہ نہیں منوایا جا سکتا، حکومت کی طرف سے مذاکرات کے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ہمیشہ سے ایک ہی ایجنڈا رہا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کیا جائے اور سیاست میں گالم گلوچ کے کلچر کو عام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے تسلسل کے ساتھ اس منفی ایجنڈے کو آگے بڑھایا ہے اور وہ ہمیشہ اسلام آباد پر حملہ آور ہونے کی کوشش میں رہتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے سرکاری وسائل کو سیاسی مقاصد کے لیے بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے اور صوبائی حکومت کا یہ رویہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں کسٹمز اور پولیس اہلکار شہید ہو رہے ہیں لیکن افسوسناک بات یہ ہے کہ ایک طرف شہداء کی لاشیں پڑی تھیں اور دوسری طرف صوبائی حکومت نعرے لگا رہی تھی اور ڈھول بجا بجا کر لوگوں کو اکٹھا کر رہی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لوگ لانگ مارچ کے لیے 4 اکتوبر کو چلے تھے، لیکن اب تک چند ہزار لوگ بھی اکٹھے نہیں کر سکے اور اس کے منتظمین نے لانگ مارچ کی آڑ میں کروڑوں روپے کی دیہاڑی لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی مفاد پر ذاتی اور سیاسی ایجنڈے کو ہرگز ترجیح نہیں دی جا سکتی، اس لیے کروڑوں پختونوں کو اس کٹھن صورتحال سے کیوں دوچار کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کو ہر قیمت پر روکنا ہوگا، وزیر اعظم
مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں ڈیڈ لاک کا باعث بننے والی بات کو غلط طریقے سے پیش کیا جاتا ہے جبکہ سلمان اکرم راجہ کی طرف سے دیا جانے والا تاثر بھی سراسر غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف واضح پالیسی بن چکی ہے اور اس پر تسلسل سے عمل جاری ہے۔ افواج پاکستان انتہائی دلیری کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں لیکن تحریک انصاف کو سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر اعتراض ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کیے جا رہے ہیں اور یہ تاثر بلکل غلط دیا جا رہا ہے کہ کوئی نیا بڑا آپریشن ہو رہا ہے، جس سے اندرونی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی نئی لہر پیدا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ حکام پہلے ہی یہ واضح کر چکے ہیں کہ کوئی نقل مکانی کرنے والے افراد نہیں بننے جا رہے اور دہشت گردی کے خاتمے تک یہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پورے عزم کے ساتھ جاری رہیں گے۔
افغانستان اور طالبان رجیم کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، چین اور ترکیہ نے طالبان رجیم کو سمجھانے کی بھرپور کوشش کی اور ان سے کہا گیا کہ وہ اپنی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہونے دیں، جس پر پاکستان کے تمام حقائق تسلیم تو کیے گئے لیکن وہ عملی طور پر گارنٹی دینے کو تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ملک میں تحریک انصاف کے علاوہ پوری قوم کا مکمل اتفاقِ رائے موجود ہے کیونکہ تحریک انصاف نے ہمیشہ اپنی ذاتی سیاست اور مفاد کو ملک پر ترجیح دی ہے۔
انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سہیل آفریدی نے پہلے دن ہی کہہ دیا تھا کہ وہ بانی کے عشق میں مرنا چاہتے ہیں، اس لیے اگر خودکشی کرنی ہے تو کوئی اور راستہ اختیار کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ اس وقت بھی خیبرپختونخوا میں پولیس کی 17 ہزار آسامیاں خالی پڑی ہیں لیکن صوبائی حکومت کی توجہ ان اہم امور پر نہیں ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









