ہفتہ، 3-اکتوبر،2026
ہفتہ 1448/04/22هـ (03-10-2026م)

ایشین گیمز کرکٹ فائنل: حسن نواز کی جارحانہ اننگز بھی پاکستان کو گولڈ میڈل نہ دلوا سکی

03 اکتوبر, 2026 13:11

نشین: ایشین گیمز کے مینز کرکٹ فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا، جبکہ حسن نواز کی شاندار 96 رنز کی اننگز بھی قومی ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکی۔

نشین کے کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے اور پاکستان کو 212 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 28 گیندوں پر 61 رنز بنائے، جبکہ تلک ورما نے 22 گیندوں پر 51 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ شیوم دوبے نے بھی 15 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے کو 200 سے آگے پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان کی جانب سے ہدف کے تعاقب کا آغاز صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے کیا، تاہم ابتدائی وکٹیں جلد گرنے کے باعث قومی ٹیم دباؤ میں آگئی۔

حسن نواز نے مشکل صورتحال میں ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 51 گیندوں پر 96 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ وہ اننگز کی آخری گیند پر آؤٹ ہوئے۔

حسن نواز کی شاندار اننگز کے باوجود پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز تک پہنچ سکا اور یوں بھارت نے 19 رنز سے فائنل جیت کر گولڈ میڈل حاصل کرلیا۔

بھارت کی جانب سے اہم مرحلے پر باؤلرز نے پاکستان کی رنز بنانے کی رفتار کو قابو میں رکھا، جبکہ آخری اوورز میں مطلوبہ رن ریٹ بڑھنے کے باعث قومی ٹیم ہدف تک نہ پہنچ سکی۔

یوں بھارت نے ایشین گیمز میں مینز کرکٹ کا مسلسل دوسرا گولڈ میڈل حاصل کیا، جبکہ پاکستان کو فائنل میں شکست کے بعد سلور میڈل پر اکتفا کرنا پڑا۔ بھارت نے 2023 کے ایشین گیمز میں بھی کرکٹ کا گولڈ میڈل جیتا تھا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔