بدھ، 11-فروری،2026
بدھ 1447/08/23هـ (11-02-2026م)

تعلیمی اداروں سے متعلق اہم فیصلہ ہو گیا

11 فروری, 2026 08:50

محکمہ تعلیم خیبر پختونخوا نے صوبے میں قائم تمام غیر رجسٹرڈ نجی اسکولوں کے خلاف اہم فیصلہ کر لیا ہے۔

 محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ بغیر رجسٹریشن کوئی بھی نجی تعلیمی ادارہ نہ تو چلایا جا سکے گا اور نہ ہی بورڈ امتحانات میں طلبہ کو بٹھانے کی اجازت دی جائے گی۔اس حوالے سے محکمہ تعلیم کی جانب سے صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صرف وہی نجی اسکول بورڈ امتحانات کے لیے طلبہ کے داخلے جمع کروا سکیں گے جو خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی میں رجسٹرڈ ہوں گے۔ غیر رجسٹرڈ اسکولوں کے طلبہ کو کسی بھی صورت امتحانی اجازت نہیں دی جائے گی۔

محکمہ تعلیم کے مطابق خیبر پختونخوا پرائیویٹ اسکولز ریگولیٹری اتھارٹی ایکٹ کے تحت تمام نجی اسکولوں کی رجسٹریشن قانونی طور پر لازم ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت صوبے میں 11 ہزار 887 نجی اسکول باقاعدہ طور پر رجسٹرڈ ہیں، جبکہ اس کے علاوہ متعدد ادارے بغیر اجازت کے کام کر رہے ہیں۔

محکمہ تعلیم کا کہنا ہے کہ غیر رجسٹرڈ اسکولوں کی موجودگی کی وجہ سے اسکول سے باہر بچوں کی درست تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہو جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رجسٹریشن کے عمل کو سخت بنایا جا رہا ہے تاکہ تعلیمی نظام کو بہتر اور شفاف بنایا جا سکے۔

محکمہ نے واضح کیا ہے کہ قانون کے مطابق رجسٹریشن کے بغیر نہ کوئی نیا نجی اسکول کھولا جا سکتا ہے اور نہ ہی پہلے سے چلنے والے غیر رجسٹرڈ ادارے کام جاری رکھ سکتے ہیں۔

Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔