امریکہ سے مذاکرات پہلے سے زیادہ سنجیدہ اور نتیجہ خیز رہے : ایرانی وزیر خارجہ

جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان جوہری معاملے پر ہونے والے مذاکرات کو ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے سنجیدہ اور تعمیری قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اس مرحلے میں فریقین نے پچھلے دور کے مقابلے میں زیادہ اہم اور بنیادی نکات پر گفتگو کی۔ اس بار بات چیت کا ماحول زیادہ نتیجہ خیز رہا اور مختلف تجاویز کو نہ صرف پیش کیا گیا بلکہ ان پر تفصیلی اور سنجیدہ تبادلہ خیال بھی ہوا۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے سید عباس عراقچی نے بتایا کہ دونوں ممالک نے ایک ایسے اسٹریٹجک راستے کی نشاندہی کی ہے، جس پر آگے بڑھتے ہوئے ممکنہ معاہدے کے متن تک پہنچا جا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے دوران کچھ بنیادی اصولوں پر اتفاق کیا گیا ہے جو آئندہ کسی بھی ممکنہ معاہدے کی بنیاد بن سکتے ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اصولوں کی نشاندہی حتمی معاہدے کی ضمانت نہیں ہوتی۔
یہ بھی پڑھیں : ماضی کے تجربات نظرانداز نہیں کرسکتے، اعتماد کا فقدان برقرار ہے : ایرانی ترجمان
انہوں نے واضح کیا کہ تیسرے دور کے مذاکرات کی تاریخ ابھی طے نہیں کی گئی۔ دونوں فریق اس بات پر متفق ہوئے ہیں کہ پہلے ممکنہ معاہدے کے مسودے پر کام کیا جائے گا، پھر ان مسودات کا تبادلہ کیا جائے گا اور اس کے بعد آئندہ نشست کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔ گزشتہ مرحلے کے مقابلے میں حالیہ مذاکرات میں نمایاں اور قابلِ ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔
جنیوا میں ہونے والا یہ دوسرا بالواسطہ مذاکراتی دور سلطنتِ عمان کے سفارت خانے میں منعقد ہوا، جہاں دونوں ممالک کے وفود نے عمانی ثالثی کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
سلطنتِ عمان کے وزیر خارجہ بدر البوسعیدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں مذاکرات کے ماحول کو مثبت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنیوا میں اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے بالواسطہ مذاکرات میں مشترکہ اہداف اور متعلقہ تکنیکی امور کی نشاندہی کی جانب اچھی پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملاقاتوں کا ماحول تعمیری رہا اور فریقین نے حتمی معاہدے کے لیے رہنما اصول طے کرنے کی سنجیدہ کوشش کی۔ انہوں نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی کی شرکت اور کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھا گیا۔ تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ابھی بہت سا کام باقی ہے اور آئندہ اجلاس سے پہلے واضح اگلے اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










