بدمعاشی اور زبردستی کا دور ختم ہو چکا، ایران کسی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گا، قالیباف

باقر قالیباف نے امریکہ پر اسلام آباد مفاہمت کی کئی بڑی اور سنگین خلاف ورزیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا سے بدمعاشی کا دور ختم ہوچکا ہے، ایران دباؤ میں نہیں آئے گا۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور اعلیٰ مذاکرات کار باقر قالیباف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں امریکہ کی جانب سے اسلام آباد مفاہمت کی یادداشت کی کئی بڑی خلاف ورزیوں کی فہرست پیش کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکی پابندیاں اور حملے ناقابل قبول ہیں، معاہدہ توڑنے کے سنگین نتائج بھگتنے ہوں گے، ایرانی نائب وزیرِ خارجہ
انہوں نے ان خلاف ورزیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے آبنائے ہرمز میں ایرانی انتظامات میں مداخلت کی ہے، مزید حملوں کی مسلسل دھمکیاں دی ہیں، تیل پر دوبارہ پابندیاں عائد کی ہیں اور جنوبی ایران پر حملے کیے ہیں۔
اس کے ساتھ ہی انہوں نے لبنان پر جاری صیہونی جارحیت کو بھی معاہدے کی بڑی خلاف ورزی قرار دیا۔ باقر قالیباف نے سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا کہ دنیا سے بدمعاشی اور زبردستی کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور اس قسم کے ہتھکنڈوں سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ایران کسی بھی امریکی دباؤ یا دھمکی کے سامنے نہیں جھکے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












