بدھ، 7-اکتوبر،2026
بدھ 1448/04/26هـ (07-10-2026م)

آسٹریلیا گھر ہے ہوٹل نہیں، اپوزیشن کا تارکین وطن پر سخت پالیسی لانے کا اعلان

07 اکتوبر, 2026 10:57

آسٹریلیا کی قدامت پسند اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آئے تو ملک کی تاریخ میں امیگریشن میں سب سے بڑی کمی کی جائے گی۔

آسٹریلیا کی قدامت پسند اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آتے ہیں تو وہ ملک کی تاریخ میں تارکین وطن کی آمد میں سب سے بڑی کمی کریں گے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق تازہ ترین سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مارچ تک ایک سال کے دوران آسٹریلیا میں خالص بیرونی ہجرت دو لاکھ 92 ہزار رہی۔

لبرل پارٹی کے رہنما انگس ٹیلر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کے پہلے دو برسوں میں اس تعداد کو کم کر کے ایک لاکھ تک لایا جائے گا۔ آسٹریلیا ایک گھر ہونا چاہیے، ہوٹل نہیں۔ ان کے بقول ملک کو سانس لینے کے لیے کچھ گنجائش درکار ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فرانس میں تعلیمی اصلاحات کیلئے لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، پولیس سے جھڑپیں، کئی بچے زخمی

انہوں نے اعلان کیا کہ اگر ان کی جماعت آئندہ انتخابات جیتتی ہے تو چار برسوں میں جاری کیے جانے والے عارضی ویزوں کی تعداد میں 6 لاکھ 50 ہزار کی کمی کی جائے گی۔

نیشنل پارٹی کے رہنما میٹ کیناون نے کہا کہ ہم ایک ملک ہیں، کیمپ گراؤنڈ نہیں۔ یہ منصوبہ اپنے ملک پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے میں مدد دے گا۔

دوسری جانب برسرِ اقتدار لیبر پارٹی بھی امیگریشن پالیسی کو مزید سخت بنانے کے عزم کا اظہار کر چکی ہے۔ گزشتہ ماہ آسٹریلیا کے وزیر داخلہ ٹونی برک نے ویزا قوانین سخت کرنے، طلبہ اور ورکنگ ہالیڈے ویزا پروگراموں پر مزید نگرانی اور مقررہ مدت سے زیادہ قیام کرنے والوں کے خلاف کارروائی کے منصوبوں کا اعلان کیا تھا۔

رائے عامہ کے جائزوں کے مطابق دائیں بازو کی جماعت ون نیشن، جو کئی دہائیوں تک ایک نسبتاً غیر نمایاں سیاسی قوت سمجھی جاتی تھی، حالیہ مہینوں میں کافی مقبولیت حاصل کر چکی ہے۔

ون نیشن کی رہنما پالین ہینسن نے دعویٰ کیا کہ امیگریشن پر بحث میں لیبر اور لبرل دونوں جماعتوں کو ون نیشن نے مجبور کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر کہا کہ آسٹریلوی عوام لبرل یا لیبر پارٹی کے امیگریشن سے متعلق وعدوں پر اعتماد نہیں کر سکتے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔