جنگ کے خاتمے کے لیے ایران کو جوہری پروگرام محدود کرنا ہوگا، امریکی نائب صدر

امریکی نائب صدر کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری سات ماہ طویل جنگ کے خاتمے کے لیے تہران کو اپنے جوہری افزودگی کے پروگرام میں معنی خیز کمی کرنا ہوگی۔
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک انٹرویو میں دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ ایران کو امریکی مطالبات کو پورا کرنے اور جنگ ختم کرنے کے لیے اپنی جوہری افزودگی کی صلاحیت میں خاطر خواہ کمی کرنا ہوگی۔
غیر ملکی میڈیا کو دیئے گئے انٹرویو میں وینس نے کہا کہ کوئی بھی معاہدہ اس بات کا متقاضی ہوگا کہ ایران مستقبل کی افزودگی کی یقین دہانیوں کے بجائے فی الحال اپنی جوہری افزودگی کی صلاحیت کو کم کرے۔
یہ بھی پڑھیں : ایران جوہری ہتھیاروں سے خود ہی پیچھے ہٹ جائے، اگر ضد نہ چھوڑی تو سنگین نتائج ہوں گے، امریکی وزیر جنگ
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر آپ جوہری ہتھیار نہیں چاہتے تو پھر آپ کو 60 فیصد افزودہ ایندھن کی کیا ضرورت ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ ہم الفاظ کو اعمال کے بدلے میں قبول نہیں کریں گے، ایران کو اپنی نیت ثابت کرنے کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
دوسری جانب نائب صدر نے یہ بھی اعتراف کیا کہ واشنگٹن کے لیے یہ جاننا مشکل ہے کہ تہران میں اصل فیصلے کون کرتا ہے کیونکہ جنگ کے آغاز میں اعلیٰ قیادت کی ہلاکت کے بعد اقتدار کے ڈھانچے میں فیصلہ سازی کا عمل غیر واضح ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فریقین کے درمیان سفارتی کوششوں اور رابطوں کے باوجود مستقبل کے اہداف اور معاہدوں کو حتمی شکل دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے کیونکہ امریکی انتظامیہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ تہران میں پالیسی کون تشکیل دے رہا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









