سعودی عرب نے ‘پیکیج ویزا’ متعارف کروا دیا

Saudi Package Visa Launched
سعودی عرب نے بین الاقوامی سیاحوں، بالخصوص پاکستانی مسافروں اور دیگر زائرین کے لیے سفری سہولتوں میں ایک اور اہم اضافہ کرتے ہوئے جدید "پیکیج ویزا” سروس متعارف کروا دی ہے۔
اس نئے نظام کے تحت اب مسافر فلائٹ اور ہوٹل کی بکنگ کے ساتھ ہی ایک ہی مرحلے میں سیاحتی ویزا کی درخواست بھی جمع کروا سکیں گے۔ اس اقدام کا مقصد ویزا کے حصول کے عمل کو آسان، تیز اور زیادہ منظم بنانا ہے تاکہ سیاحوں کو مختلف مراحل سے الگ الگ نہ گزرنا پڑے۔
سعودی وزارتِ سیاحت کے مطابق یہ نئی سہولت ابتدائی مرحلے میں منتخب بین الاقوامی مارکیٹوں میں متعارف کروائی جا رہی ہے۔ اس کے لیے صرف ایسے مستند ٹریول اینڈ ٹورازم سروس فراہم کرنے والے اداروں کو شامل کیا گیا ہے جو مقررہ معیار پر پورا اترتے ہیں اور اپنے صارفین کو چوبیس گھنٹے معاونت فراہم کرتے ہیں۔ بعد ازاں اس نظام کو مزید ممالک اور مارکیٹوں تک بھی توسیع دی جائے گی۔
اس سے قبل بیرون ملک سفر کرنے والے افراد کو فلائٹ، ہوٹل اور ویزا کے لیے الگ الگ درخواستیں دینا پڑتی تھیں، جس میں وقت بھی زیادہ لگتا تھا اور کئی مراحل سے گزرنا پڑتا تھا۔
تاہم نئے پیکیج ویزا کے بعد یہ تمام مراحل ایک ہی پلیٹ فارم پر مکمل کیے جا سکیں گے۔ مسافر اپنی سفری منصوبہ بندی کے دوران فلائٹ، رہائش اور ویزا کے ساتھ ساتھ مختلف تفریحی سرگرمیوں، سیاحتی مقامات اور خصوصی ایونٹس کو بھی اپنی بکنگ میں شامل کر سکیں گے۔
اس حوالے سے سعودی وزیرِ سیاحت احمد الخطیب کا کہنا ہے کہ مملکت کا سیاحتی شعبہ تیزی سے ترقی کر رہا ہے اور حکومت کی کوشش ہے کہ دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے سفر کو زیادہ آسان اور آرام دہ بنایا جائے۔ ویزا کے اجرا کو براہِ راست سفری بکنگ کے ساتھ منسلک کرنے سے مسافروں کو ایک مربوط اور بہتر سفری تجربہ حاصل ہوگا۔
وزارتِ سیاحت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے نہ صرف سیاحوں کو سہولت ملے گی بلکہ ٹریول ایجنٹس بھی بہتر اور جامع سفری پیکیجز تیار کر سکیں گے۔ اس سے سیاحوں کو زیادہ عرصہ سعودی عرب میں قیام کرنے کی ترغیب ملے گی، جس کے نتیجے میں ملکی سیاحت اور معیشت کو بھی فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
یہ اقدام سعودی عرب کی سیاحتی اصلاحات کا حصہ ہے۔ اس سے پہلے مملکت سیاحتی ای ویزا، ویزا آن ارائیول اور اسٹاپ اوور ٹرانزٹ ویزا جیسی متعدد سہولتیں متعارف کروا چکی ہے۔ انہی اقدامات کی بدولت گزشتہ سال 2025 کے دوران سعودی عرب نے تقریباً 2 کروڑ 90 لاکھ بین الاقوامی سیاحوں کا خیرمقدم کیا، جو ایک ریکارڈ تعداد تھی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












