جمعہ، 13-مارچ،2026
جمعہ 1447/09/24هـ (13-03-2026م)

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق وزیرخزانہ کا اہم بیان سامنے آگیا

13 مارچ, 2026 09:11

پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں سے متعلق وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کا اہم بیان سامنے آگیا ہے۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اجلاس کی صدارت سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کی۔

 وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خطے میں تیزی سے بدلتی صورتحال کے باعث حکومت کو فوری فیصلے کرنا پڑ رہے ہیں۔ سری لنکا اور بنگلادیش میں فیول راشنگ کی صورتحال پیدا ہو چکی ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ توانائی کا بحران خطے میں شدت اختیار کر سکتا ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور سپلائی کی نگرانی کے لیے ایک وزارتی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ یہ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اجلاس کرتی ہے اور عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لے کر فیصلے کرتی ہے۔ موجودہ حالات میں پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری اور سپلائی کے بارے میں فوری فیصلے ضروری ہیں تاکہ ملک میں ایندھن کی قلت پیدا نہ ہو۔

اجلاس کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے باعث قطر نے ہنگامی حالات کا اعلان کیا ہے۔ اس صورتحال کے نتیجے میں پاکستان کو قطر سے ایل این جی کی درآمد میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ایک ایل این جی کارگو جو پہلے تقریباً 25 ملین ڈالر میں دستیاب ہوتا تھا، اب اس کی قیمت بڑھ کر تقریباً 100 ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

کمیٹی کے رکن سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے حکومت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پرانے اسٹاک پر پیٹرول کی قیمت میں 55 روپے فی لیٹر اضافہ کرنا عوام کے لیے بڑا بوجھ ہے۔ اس فیصلے سے غریب طبقہ زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہو جائیں تو کیا حکومت عوام کو بھی ریلیف دے گی۔

اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جاتا تو سپلائی متاثر ہو سکتی تھی۔ تیل کی درآمد میں اس وقت تقریباً 20 دن لگ رہے ہیں اور قیمتوں میں اضافے کے بغیر کمپنیوں کے لیے کاروبار جاری رکھنا مشکل ہو جاتا۔ حکومت نے سپلائی چین کو برقرار رکھنے کے لیے یہ فیصلہ کیا۔

وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم دونوں نے کمیٹی کو یقین دلایا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایت ہے کہ عوام پر غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔ عالمی مارکیٹ کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان کیا جائے گا اور کوشش ہوگی کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔