بدھ، 29-اپریل،2026
بدھ 1447/11/12هـ (29-04-2026م)

امریکی ویزا قوانین میں بڑی تبدیلی، نان امیگرنٹ درخواست دہندگان کیلئے نیا نظام

29 اپریل, 2026 10:53

امریکا نے ویزا کے قوانین میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے نان امیگرنٹ ویزا درخواست دہندگان کیلئے نئے سوالات شامل کر دیے ہیں۔ اس فیصلے کے بعد دنیا بھر میں ویزا درخواست دینے والے افراد کے لیے صورتحال مزید سخت ہو سکتی ہے۔

رپورٹس کے مطابق امریکا نے ویزا انٹرویو کے دوران دو نئے سوالات شامل کیے ہیں۔ ان سوالات کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ آیا درخواست گزار اپنے ملک واپس جانے سے خوف محسوس کرتا ہے یا نہیں۔

اب درخواست دہندگان سے پوچھا جائے گا کہ کیا انہیں اپنے ملک میں کسی قسم کے نقصان یا بدسلوکی کا سامنا رہا ہے؟ اور دوسرا سوال یہ ہوگا کہ کیا انہیں واپس جانے پر کسی نقصان یا خطرے کا خدشہ ہے؟

امریکی حکام کے مطابق اگر کوئی شخص ان سوالات کا مثبت جواب دیتا ہے یا جواب دینے سے انکار کرتا ہے تو اس کے ویزا مسترد ہونے کے امکانات بڑھ جائیں گے۔

یہ نئی پالیسی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا میں غیر ملکی شہریوں کی جانب سے پناہ کے درخواستوں میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد ویزا نظام کو مزید سخت اور منظم بنانا ہے۔

یہ پالیسی تمام نان امیگرنٹ ویزا کیٹیگریز پر لاگو ہوگی۔ اس میں سیاحتی ویزا، تعلیمی ویزا، H-1B ویزا، ٹیک ورکرز، زرعی مزدور اور کاروباری افراد شامل ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق سال 2024 میں تقریباً 1 کروڑ 10 لاکھ ویزے ان کیٹیگریز کے تحت جاری کیے گئے تھے۔

دوسری جانب قانونی ماہرین نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ پالیسی بعض حقیقی پناہ کے طلبگار افراد کے لیے مشکلات پیدا کر سکتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔