پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے حکومت کا بڑا اقدام، "پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ” قائم

How much will petrol become expensive? You’ll be shocked to know the answer
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونے والے اتار چڑھاؤ پر قابو پانے اور قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے اہم فیصلہ کرتے ہوئے پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ قائم کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ خزانہ نے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
وزارتِ خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق فنڈ کے لیے ایک مخصوص سرکاری اکاؤنٹ مختص کر دیا گیا ہے، جبکہ اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو بھی باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے تاکہ فنڈ کے انتظامی اور مالیاتی امور کو جلد از جلد فعال بنایا جا سکے۔
وزارتِ خزانہ نے آڈیٹر جنرل پاکستان، کنٹرولر جنرل آف اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان ریونیو، پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے اکاؤنٹنٹ جنرلز کو بھی اس حوالے سے مراسلے ارسال کر دیے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فنڈ کی وصولی اور اس سے متعلق انتظامی اقدامات فوری طور پر مکمل کریں تاکہ فنڈ مؤثر انداز میں کام شروع کر سکے۔
حکومت نے واضح کیا ہے کہ فنڈ میں جمع ہونے والی تمام رقوم وفاقی حکومت کے پبلک اکاؤنٹ میں منتقل کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے ایک خصوصی اکاؤنٹ ہیڈ اور آبجیکٹ کوڈ بھی مختص کر دیا گیا ہے تاکہ مالیاتی لین دین شفاف اور منظم انداز میں انجام دیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرولیم پرائسز اسٹیبلائزیشن فنڈ کے قواعد و ضوابط وزارتِ خزانہ، پیٹرولیم ڈویژن اور آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی مشترکہ طور پر تیار کریں گے، جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں استحکام کے لیے قانونی، مالیاتی اور انتظامی طریقہ کار کی منظوری علیحدہ سے دی جائے گی۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس فنڈ کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے یا کمی کے اثرات کو کسی حد تک متوازن بنانا اور مقامی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں غیر معمولی اتار چڑھاؤ کو کم کرنا ہے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











