بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

صرف 2,100 روپے ماہانہ قسط پر الیکٹرک بائیک کیسے حاصل کرسکتے ہیں؟ درخواست دینے کا طریقہ جان لیں

01 جولائی, 2026 08:54

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نوجوانوں، خصوصاً طلبہ و طالبات کے لیے مریم نواز ای بائیک اسکیم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ایک سال کے دوران ایک لاکھ الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت پنجاب بھر کے اہل طلبہ صرف 2,100 روپے ماہانہ بلاسود قسط پر جدید الیکٹرک بائیک حاصل کر سکیں گے، جبکہ ہر بائیک پر پنجاب حکومت 70 ہزار روپے کی سبسڈی فراہم کرے گی، جس سے بائیک کی مجموعی قیمت میں نمایاں کمی آئے گی۔

بائیک حاصل کرنے کا طریقہ

حکومتی منصوبے کے مطابق طلبہ کو بائیک کے حصول کے لیے 14 ہزار روپے بطور ڈاؤن پیمنٹ جمع کرانا ہوں گے، جس کے بعد وہ صرف 2,100 روپے ماہانہ اقساط ادا کریں گے۔

تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز نے طالبات کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہل طالبات کی ڈاؤن پیمنٹ اور رجسٹریشن فیس پنجاب حکومت خود ادا کرے گی۔ اس طرح طالبات کو بائیک حاصل کرتے وقت کوئی یکمشت رقم ادا نہیں کرنا ہوگی، بلکہ وہ صرف 2,100 روپے ماہانہ قسط ادا کریں گی۔

سرکاری ملازمین بھی مستفید ہوں گے

حکومت نے اس اسکیم کا دائرہ کار سرکاری ملازمین تک بھی بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ وہ بھی آسان اور بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس حاصل کر سکیں۔

ای بائیک اسکیم کے لیے اہلیت

اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے درخواست گزار کو درج ذیل شرائط پوری کرنا ہوں گی:

  • عمر کم از کم 18 سال ہو۔
  • پنجاب کے کسی بھی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں بطور ریگولر طالب علم داخلہ حاصل ہو۔
  • امیدوار کے پاس موٹرسائیکل کا کارآمد لرنر پرمٹ یا ڈرائیونگ لائسنس موجود ہو۔

حکومت نے واضح کیا ہے کہ اگر موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد مقررہ کوٹے سے زیادہ ہوئی تو کامیاب امیدواروں کا انتخاب شفاف الیکٹرانک قرعہ اندازی کے ذریعے کیا جائے گا۔

لاہور میں کرائے پر الیکٹرک بائیکس بھی فراہم کی جائیں گی

پٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانے کے لیے حکومت نے منصوبے کے پہلے مرحلے میں لاہور میں عوام کو کرائے پر 10 ہزار الیکٹرک بائیکس فراہم کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

اس مقصد کے لیے شہر کے مختلف مقامات پر 300 جدید ڈاکنگ اور چارجنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، جہاں شہری باآسانی بائیکس چارج کر سکیں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے شہریوں کو کم خرچ، ماحول دوست اور جدید سفری سہولت میسر آئے گی، جبکہ پٹرول پر انحصار کم ہونے سے سفری اخراجات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔