پاکستان کی پہلی رورو شپمنٹ سے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پہنچ گئیں

Electric Vehicle Breakthrough Delights Pakistani Consumers
پاکستان میں پہلی بار رورو (Roll-on/Roll-off) شپ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچا دی گئی ہیں۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کہا کہ ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔ اسی جہاز کے ذریعے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ بڑی تعداد میں الیکٹرک گاڑیاں رورو شپمنٹ کے تحت درآمد کی گئی ہیں۔ ان گاڑیوں کو جدید طریقہ کار کے مطابق براہ راست جہاز سے اتارا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ رورو شپنگ دنیا بھر میں گاڑیوں کی نقل و حمل کا ایک مؤثر اور تیز ترین طریقہ مانا جاتا ہے۔ اس نظام میں گاڑیوں کو کرین کے ذریعے اٹھانے کے بجائے براہ راست چلا کر جہاز میں داخل اور باہر نکالا جاتا ہے۔ اس سے سامان کی ہینڈلنگ آسان ہو جاتی ہے، وقت کی بچت ہوتی ہے اور نقل و حمل کے اخراجات بھی کم رہتے ہیں۔
وفاقی وزیر کے مطابق پاکستان میں پہلی رورو الیکٹرک گاڑیوں کی آمد بحری تجارت کے شعبے میں ایک تاریخی سنگ میل ہے۔ اس سے نہ صرف بندرگاہی نظام مزید جدید ہوگا بلکہ مستقبل میں گاڑیوں کی درآمد اور برآمد کے عمل میں بھی نمایاں بہتری آئے گی۔ جدید شپنگ سہولیات سے پاکستان کی تجارتی صلاحیت میں اضافہ ہوگا اور بین الاقوامی لاجسٹکس کے شعبے میں ملک کی اہمیت مزید بڑھے گی۔
جنید انوار چوہدری نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ کراچی پورٹ کو عالمی معیار کی بندرگاہ بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ جدید ٹیکنالوجی اور مؤثر شپنگ سسٹم کے ذریعے درآمدی اور برآمدی سرگرمیوں کو مزید آسان بنایا جا رہا ہے تاکہ ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہوں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











