ترک اداکار سیرحات کلیچ استنبول میں مردہ پائے گئے، موت کی تحقیقات جاری

ترکیہ کے معروف اداکار سیرحات مصطفیٰ کلیچ استنبول کے علاقے کاغتھانے میں واقع اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے۔
ان کی عمر 51 برس تھی۔ اداکار ڈراما ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کے کردار کے باعث پاکستان سمیت دیگر ممالک میں بھی خاصی شہرت رکھتے تھے۔
ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق سیرحات کلیچ سے گزشتہ دو روز سے رابطہ نہیں ہو رہا تھا۔ جمعرات کے روز ان سے آخری مرتبہ بات ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی گرل فرینڈ نے بھی رابطے کی متعدد کوششیں کیں۔ جواب نہ ملنے پر وہ ان کے گھر پہنچیں، جہاں اداکار کو بے ہوش حالت میں پایا گیا اور فوری طور پر پولیس اور ایمرجنسی سروسز کو اطلاع دی گئی۔
51 yaşındaki oyuncu Serhat Mustafa Kılıç, evinde ölü bulundu. pic.twitter.com/L4DOld4e2q
— Denge+ (@dengeplus) September 5, 2026
طبی امدادی عملہ موقع پر پہنچا تاہم اداکار کی موت کی تصدیق کردی گئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان کے جسم پر کسی کھلے زخم یا واضح تشدد کے نشانات موجود نہیں تھے، تاہم بعض ترک میڈیا رپورٹس میں آنکھوں کے گرد، بازوؤں اور ٹانگوں پر مبینہ طور پر نیل پڑنے کا ذکر کیا گیا ہے۔ ان اطلاعات کی سرکاری طور پر تصدیق تاحال نہیں ہوسکی۔
پولیس نے واقعے کو فی الحال مشکوک موت کے طور پر دیکھتے ہوئے تحقیقات شروع کردی ہیں۔ اداکار کی میت کو فرانزک اور طبی معائنے کے لیے بھیج دیا گیا ہے تاکہ موت کی حتمی وجہ کا تعین کیا جاسکے۔ حکام کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے تک موت کی وجہ کے بارے میں کسی حتمی نتیجے کا اعلان نہیں کیا گیا۔
ترک میڈیا کے مطابق سیرحات کلیچ کی گرل فرینڈ نے پولیس کو بتایا کہ اداکار لمف کینسر میں مبتلا تھے۔ تاہم، ان کی مبینہ بیماری اور موت کے درمیان براہِ راست تعلق کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی، اس لیے اس مرحلے پر موت کی وجہ کو بیماری قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔
سیرحات مصطفیٰ کلیچ 8 جولائی 1975 کو انقرہ میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے 1994 میں بِلکینٹ یونیورسٹی کی فیکلٹی آف میوزک اینڈ پرفارمنگ آرٹس کے شعبہ تھیٹر میں داخلہ لیا اور 1998 میں گریجویشن مکمل کی۔
ان کے پیشہ ورانہ تھیٹر کیریئر کا آغاز انقرہ سٹی تھیٹر سے ہوا۔ تقریباً تین دہائیوں پر محیط فنی سفر کے دوران انہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن، فلم، ریڈیو اور موسیقی سمیت مختلف شعبوں میں کام کیا اور متعدد ترک ڈراموں اور فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
پاکستانی ناظرین میں انہیں خاص طور پر ’کورولوش عثمان‘ میں میخائل کوسس کے کردار سے پہچان ملی۔ حالیہ برسوں میں وہ مقبول ترک ڈراما ’Teşkilat‘ کا بھی حصہ رہے۔ ترک میڈیا کے مطابق وہ 3 ستمبر کو اس ڈرامے کے نئے سیزن کی کاسٹ سے الگ ہوگئے تھے۔
سیرحات کلیچ کی اچانک موت نے ترک شوبز سے وابستہ حلقوں میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ ان کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے فرانزک رپورٹ اور پولیس تحقیقات کے نتائج کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
Catch all the انٹرٹینمنٹ News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












