پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق ہنگامی فیصلہ

Emergency Decision on Petroleum Product Prices
مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور آبنائے ہرمز کی بندش کے بعد حکومت پاکستان نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں اور سپلائی کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں اور سپلائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ آبنائے ہرمز کی بندش کی وجہ سے تیل کی ترسیل متاثر ہوئی، تاہم ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کے کافی ذخائر موجود ہیں اور اس وقت قلت کا خطرہ نہیں ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل (PSO) نے نئے درآمدی ٹینڈرز جاری کر دیے ہیں تاکہ ملکی طلب کو پورا کیا جا سکے۔
حکومت نے سعودی عرب سے متبادل راستے کے ذریعے تیل کی فراہمی کی درخواست بھی کر دی ہے۔ تیل بردار جہازوں کے انشورنس اخراجات میں اضافے کے پیشِ نظر آئل کمپنیوں کو اضافی اخراجات کی ادائیگی پر غور کیا جا رہا ہے۔ پیٹرول اور ڈیزل کی سپلائی رواں سال 8 ماہ کے ریکارڈ کے مطابق یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ روکنے کے لیے سخت نگرانی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ توانائی کی بچت کے لیے "ورک فرام ہوم” کی تجاویز بھی زیر غور ہیں، جنہیں مارچ میں تعلیمی اداروں اور کارپوریٹ سیکٹر میں آزمایا جا سکتا ہے۔ ٹیلی کام اور آئی ٹی کمپنیوں میں بھی ہفتے میں دو دن آن لائن ورکنگ کے امکانات زیر غور ہیں۔
ایندھن کی ممکنہ قلت کے خدشے کے پیشِ نظر حکومت اضافی کارگوز کا بندوبست کر رہی ہے۔ وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے سعودی سفیر سے ملاقات کر کے یانبو بندگارہ سے ایندھن کی یقین دہانی حاصل کی ہے۔ اس کے علاوہ ایڈناک سے بھی ایندھن کا ایک جہاز فجیرہ بندرگاہ سے پاکستان لایا جائے گا۔
آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے وزیراعظم کو خط لکھ کر کہا ہے کہ او ایم سیز نے مصنوعی قلت پیدا کرنے اور خوف و ہراس پھیلانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں، جنہیں روکا جائے۔ وزارت پیٹرولیم کے مطابق پاکستان میں اس وقت 25 دن کا ایندھن موجود ہے اور او ایم سیز کو 20 دن کا ذخیرہ رکھنے کی پابندی ہے۔
حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ قلت کے پیشِ نظر اضافی اقدامات تیز کر دیے ہیں تاکہ صارفین کو کسی بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











