ہفتہ، 18-اکتوبر،2025
ہفتہ 1447/04/26هـ (18-10-2025م)

پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان باضابطہ مذاکرات آج دوحہ میں ہونگے

18 اکتوبر, 2025 09:00

 پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان باضابطہ مذاکرات آج قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہوں گے، جن میں دونوں ممالک کے درمیان حالیہ کشیدگی، سرحدی سیکیورٹی اور دہشتگردی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد مذاکرات میں شریک ہوگا جبکہ افغان طالبان کا وفد بھی آج دوحہ پہنچے گا، مذاکرات میں قطر ثالثی کا کردار ادا کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان مذاکرات میں یہ مؤقف پیش کرے گا کہ افغان سرزمین کو کسی صورت دہشتگردی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جانا چاہیے، پاکستان دوحہ معاہدے پر مکمل عمل درآمد اور دہشتگرد گروہوں کے خلاف مؤثر کارروائی پر بھی زور دے گا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستانی وفد افغان طالبان کی جانب سے سرحدی اشتعال انگیزی اور دہشتگرد تنظیموں کی مبینہ حمایت کے معاملات بھی اجلاس میں اٹھائے گا۔

مذاکرات کے انعقاد کے پیشِ نظر دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی معاہدے میں عارضی توسیع کر دی گئی ہے تاکہ مذاکرات سازگار ماحول میں جاری رہ سکیں۔

مذاکرات کا مقصد

دوحہ مذاکرات کا واحد مقصد پاکستان کی جانب سے افغانستان کو صرف ایک ہی واضح نکتہ پہنچانا ہے۔

آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان مذاکرات کا واحد اور واضح ایجنڈا یہ ہے کہ افغانستان کو غیر مبہم انداز میں بتا دیا جائے کہ افغان طالبان ریجیم، پاکستان میں فتنہ الخوارج اور دہشت گردی کی حمایت بند کرے۔

برسوں کی بات چیت کے بعد بھی کوئی اثر نا ہونے پر اب پاکستان صرف زبانی دعووں پر اکتفا نہیں کرے گا اور پاکستان اپنے دفاع کے لیے یہ حق محفوظ رکھتا ہے کہ جہاں سے خطرہ اٹھ رہا ہوگا، وہیں اس کو فوری طور پر ختم کرے۔

پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں 95,000 سے زائد جانیں قربان کی ہیں اور آج بھی ہم پوری عزم و استقلال کے ساتھ دہشت گردوں کے خلاف لڑ رہے ہیں۔

تاہم افغانستان کی طرف سے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کو مسلسل فزیکل اور ایڈمنسٹریٹو معاونت اب ناقابلِ قبول ہے اور مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ افغانستان اور اس کے عوام کے مفاد میں ہے کہ وہ اس بھارتی پراکسی سے خود کو نجات دلائیں تاکہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات تعمیری اور باہمی فائدے پر مبنی رہ سکیں۔

افغان طالبان حکومت کے سامنے اب واضح انتخاب ہے: یا تو استحکام کے ساتھ کھڑا ہونا، یا پھر عدمِ استحکام پھیلانے والی قوتوں کے ساتھ شامل ہونا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔