اتوار، 14-دسمبر،2025
اتوار 1447/06/23هـ (14-12-2025م)

وادی تیراہ میں ابتر صورتحال، صوبائی حکومت کی نااہلی اور بدانتظامی کی بدترین مثال

13 دسمبر, 2025 11:36

پشاور: وادی تیراہ میں بنیادی سہولیات کی شدید کمی، انتظامی ناکامی اور سکیورٹی چیلنجز کی وجہ سے مقامی آبادی مشکلات کا شکار ہے۔

آئی جی فرنٹیئر کور (F.C) خیبرپختونخوا نارتھ اور ونگ کمانڈر کرنل وقاص نے حالیہ بیانات میں علاقے کی ابتر صورتحال کا تفصیلی جائزہ پیش کیا ہے۔

آئی جی ایف سی کے مطابق خیبرپختونخوا اور افغانستان کے درمیان 1224 کلومیٹر طویل سرحد موجود ہے، جس میں سے 717 کلومیٹر برف پوش اور سخت پہاڑوں پر مشتمل ہے۔ سرحد پر بلند چوٹیاں اور تنگ گھاٹیاں بھی موجود ہیں، جس کی وجہ سے دراندازی روکنے میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

ایف سی نے اس مقصد کے لیے کیمرے نصب کیے ہیں اور سرحد پر باڑ لگا کر آزادانہ نقل و حرکت اور غیر قانونی داخلے کی روک تھام کی کوشش کی گئی ہے۔

آئی جی ایف سی نے بتایا کہ گزشتہ سال باغ میدان میں ایف سی کے 64 جوان شہید اور 198 زخمی ہوئے، اور اتنے شہدا اور زخمی کسی اور ادارے کے نہیں ہیں۔

وادی کے دشوار گزار علاقوں جیسے دواتوئی میں صرف تین پولیس اہلکار پورے علاقے کی نگرانی کر رہے ہیں، اور چیکنگ کرنا مشکل ہے کیونکہ اختیار محدود ہے۔

وادی تیراہ میں بنیادی صحت اور تعلیم کے شعبے بھی شدید بحران کا شکار ہیں۔ ونگ کمانڈر کرنل وقاص کے مطابق، علاقے میں کوئی سرکاری اسپتال یا اسکول موجود نہیں، اور بچے تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے وہ غیر قانونی سرگرمیوں کی طرف مائل ہو جاتے ہیں۔

ایف سی نے خود 16 اسکول قائم کیے اور اساتذہ بھرتی کیے ہیں، جبکہ فری میڈیکل کیمپوں کے ذریعے مقامی لوگوں کو طبی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید برآں، ونگ کمانڈر نے بتایا کہ وادی میں منشیات فروشی کا مسئلہ بہت سنگین ہے اور فتنہ الخوارج اس میں ملوث ہیں۔ یہ گروہ منشیات اور بھتہ سے حاصل شدہ رقم کو فورسز اور عوام کے خلاف استعمال کرتا ہے، جس سے علاقے میں عدم استحکام بڑھ رہا ہے۔

علاقائی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی نااہلی کے باعث وادی تیراہ میں نہ صرف امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے بلکہ بنیادی ترقیاتی اور سیکیورٹی اقدامات بھی ناکافی ہیں، جس سے مقامی آبادی مسلسل مشکلات کا شکار ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔