اتوار، 14-دسمبر،2025
اتوار 1447/06/23هـ (14-12-2025م)

بجلی صارفین کے لیے بُری خبر آ گئی

14 دسمبر, 2025 11:39

اسلام آباد: بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے بجلی شعبے کے حوالے سے مالی اہداف میں سختی کا اعلان کیا ہے۔

فنڈ نے بجلی کی سبسڈی میں 143 ارب روپے کی کمی کرنے اور رواں مالی سال کے دوران گردشی قرضوں کے بہاؤ کو 400 ارب روپے تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

آئی ایم ایف کی اسٹاف رپورٹ کے مطابق بجلی کی سبسڈی کا حجم کم کر کے 893 ارب روپے کیا گیا ہے، جو ملکی مجموعی پیداوار کا تقریباً 0.7 فیصد بنتا ہے۔

اس سے قبل بجٹ میں بجلی کی سبسڈی کے لیے 1.04 کھرب روپے مختص کیے گئے تھے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گردشی قرضوں کے 400 ارب روپے کے ہدف کا مقصد بجلی کے شعبے میں مالی بدانتظامی کو کنٹرول کرنا اور کارکردگی کو بہتر بنانا ہے، تاکہ ٹیکس دہندگان کے پیسے پر انحصار کم کیا جا سکے۔

ہدف کی نگرانی سہ ماہی ٹیرف ایڈجسٹمنٹ اور ماہانہ فیول کاسٹ ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کی جائے گی۔

تاہم وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے آئی ایم ایف کے ہدف کے برخلاف گردشی قرضے کا ہدف 522 ارب روپے مقرر کیا ہے۔

یہ فیصلہ فنڈ کے بورڈ اجلاس کے ایک روز بعد کیا گیا، جس میں پاکستان کے لیے 1.2 ارب ڈالر کی قسط کی منظوری بھی دی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کا کہنا ہے کہ رواں سال گردشی قرضوں کے دباؤ میں کمی متوقع ہے، جس کی بنیاد صنعتی شعبے کی طلب، کیپٹو پاور پلانٹس پر لیوی، زرعی و صنعتی صارفین کے لیے انکریمنٹل پرائسنگ اور کم سودی اخراجات پر رکھی گئی ہے۔

یہ اقدام پاکستان کی مالی حالت مستحکم کرنے اور بجلی کے شعبے میں طویل المدتی اصلاحات نافذ کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔