سانحہ اے پی ایس: معصوم بچوں کی قربانی کو 11 برس بیت گئے؛ قوم آج بھی سوگوار

سانحہ اے پی ایس: معصوم بچوں کی قربانی کو 11 برس بیت گئے؛ قوم آج بھی سوگوار
آرمی پبلک اسکول پشاور پر ہونے والے المناک دہشتگرد حملے کو آج 11 سال مکمل ہو گئے۔
16 دسمبر 2014 کو ملک کی تاریخ کے اس بدترین سانحے میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جس نے پوری قوم کو سوگ میں مبتلا کر دیا۔
اس دلخراش واقعے میں دہشتگردوں نے اسکول میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 132 طلبہ سمیت اساتذہ اور عملے کے افراد شہید ہوئے اور مجموعی طور پر 147 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔
یہ سانحہ ہر والدین کے دل پر ایک ایسا زخم ہے جو آج بھی تازہ ہے اور جس نے دنیا بھر کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔
تحقیقات کے مطابق حملہ آوروں کو سرحد پار سے تربیت اور اسلحہ فراہم کیا گیا تھا۔ دہشتگرد صبح کے وقت اسکول میں داخل ہوئے اور نہتے بچوں کو بے رحمی سے نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج کے جوان فوری طور پر موقع پر پہنچے اور بھرپور کارروائی کرتے ہوئے تمام حملہ آوروں کو انجام تک پہنچایا۔
سانحے کے بعد پشاور کی فضا سوگوار ہو گئی، ہر طرف جنازے اٹھتے دکھائی دیے اور پھولوں کا شہر آہوں اور سسکیوں میں ڈوب گیا۔
اس ایک دن نے ملک میں دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کی راہ ہموار کی، جس کے بعد شدت پسندوں کے خلاف ملک گیر آپریشنز کا آغاز کیا گیا۔
آج بھی پاکستان کو سرحد پار سے دہشتگردی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔ افواجِ پاکستان اور عوام مل کر امن دشمن عناصر کے خلاف برسرِپیکار ہیں۔
قوم اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ باہمی اتحاد کے ذریعے ملک کو محفوظ، پُرامن اور روشن مستقبل کی جانب لے جایا جائے گا۔
صدر مملکت آصف زرداری کا اے پی ایس شہدا کو خراج تحسین
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اے پی ایس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان بچوں کی قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
صدر زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے اور ریاست کیخلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ کوئی بات چیت ممکن نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں اور معاونین سے کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اور ہر دہشت گرد اور اس کے سہولت کار کا پیچھا کیا جائے گا۔
انہوں نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی بھی سخت مذمت کی اور کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کو بے نقاب کرتا رہے گا۔
صدر مملکت نے کہا کہ امن کے دشمنوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور اے پی ایس کے شہدا کی یاد ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کو خراج تحسین
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے سانحہ اے پی ایس پشاور کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ معصوم بچے وطن عزیز کے مستقبل کے لیے اپنی قیمتی جانیں قربان کر گئے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس پوری قوم کے لیے ایک عظیم آزمائش تھا اور اس نے ہمارے دلوں کو غم سے بھر دیا، لیکن ہمارے حوصلے پست نہیں کیے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ اے پی ایس کے بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور پوری قوم شہدا کے ورثا کے غم میں شریک ہے۔
شہباز شریف نے واضح کیا کہ دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی سانحہ اے پی ایس کا حقیقی انصاف ہے اور ریاست، سیکیورٹی ادارے اور عوام دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔
انہوں نے زور دیا کہ اے پی ایس شہدا کی قربانیاں ہر گز رائیگاں نہیں جائیں گی اور قوم ان قربانیوں سے سبق سیکھتے ہوئے دہشت گردی کے خلاف متحد رہے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









