ہفتہ، 20-دسمبر،2025
جمعہ 1447/06/28هـ (19-12-2025م)

کراچی اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہری خوفزدہ

16 دسمبر, 2025 08:40

کراچی کے شمال مغربی علاقے کے قریب آنے والے زلزلے نے شہر کے مختلف حصوں کو ہلا کر رکھ دیا، جس کے نتیجے میں شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا، کئی علاقوں میں لوگ گھروں باہر نکل آئے اور کچھ دیر تک کھلے مقامات پر جمع رہے۔

زلزلے کے جھٹکے ڈی ایچ اے فیز 8، پی ای سی ایچ ایس، قیوم آباد، کالا پل، شاہ فیصل کالونی اور لیاقت آباد سمیت متعدد علاقوں میں محسوس کیے گئے، جہاں بعض مقامات پر شدت نسبتاً زیادہ بتائی گئی۔

اسی طرح شاہ لطیف کالونی، بھینس کالونی، چوکنڈی اور ملحقہ علاقوں کے مکینوں نے بھی زلزلہ محسوس ہونے کی تصدیق کی۔

ایدھی حکام کے مطابق لیاری کے علاقے نیا آباد، لیاقت کالونی کے قریب ایک رہائشی عمارت میں دراڑیں پڑنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر پولیس، فائر بریگیڈ، ایدھی ایمبولینس اور رضاکار موقع پر پہنچ گئے۔ متاثرہ عمارت بابا آرکیڈ کے رہائشی گھروں سے باہر نکل آئے۔

عمارت کے مکینوں کا کہنا ہے کہ زلزلے کے باعث افواہیں پھیلائی گئیں جن میں عمارت کو مخدوش قرار دیا گیا، تاہم ان کے مطابق بلڈنگ کو کوئی ساختی نقصان نہیں پہنچا اور لوگ اب بھی وہاں رہائش پذیر ہیں۔ رہائشیوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ بعض عناصر جان بوجھ کر خوف پھیلا رہے ہیں۔

زلزلے کے دوران مختلف علاقوں میں شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت 5.2 ریکٹر اسکیل ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 12 کلو میٹر تھی۔

زلزلہ رات 12 بج کر 58 منٹ پر آیا اور اس کا مرکز کراچی کے شمال مغرب میں تقریباً 87 کلو میٹر دور سومیانی کے قریب تھا۔

ذرائع کے مطابق بلوچستان کے علاقوں وندر، حب، گڈانی اور سومیانی میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری نے بتایا کہ کراچی میں موجود فالٹ لائنز عموماً کم گہرائی کے زلزلوں کا سبب بنتی ہیں، تاہم حالیہ زلزلہ گزشتہ دنوں لانڈھی میں آنے والے جھٹکوں کے مقابلے میں قدرے زیادہ شدت کا تھا۔

انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ کمزور عمارتوں سے دور رہیں اور ہنگامی صورتحال میں کھلے مقامات کا رخ کریں۔

شہر کے دیگر حصوں سے بھی زلزلے کی اطلاعات موصول ہوئیں، تاہم تاحال کسی جانی یا بڑے مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔