بدھ، 17-دسمبر،2025
بدھ 1447/06/26هـ (17-12-2025م)

شناختی کارڈ میں والدین کا نام درست کروانے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

17 دسمبر, 2025 10:33

نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ اور ریکارڈ میں والدین کے نام درست کروانے کے خواہشمند شہریوں کے لیے طریقہ کار واضح کر دیا ہے۔

نادرا کے مطابق درستگی کے لیے بائیو میٹرک تصدیق لازمی ہے اور یہ عمل مقررہ ضوابط کے تحت مکمل کیا جاتا ہے۔ اگر والد یا والدہ حیات ہوں تو انہیں درخواست دہندہ کے ساتھ نادرا دفتر جانا ہوگا۔ اس کے ساتھ ایک بہن یا بھائی، جن کے شناختی کارڈ میں والدین کے نام پہلے سے درست درج ہوں، بطور گواہ بائیو میٹرک تصدیق کروائیں گے۔ اس مرحلے کا مقصد ریکارڈ کی درست اور مستند تصدیق ہے۔

اگر والدین میں سے کسی ایک کا انتقال ہو چکا ہو تو زندہ والد یا والدہ درخواست دہندہ کے ساتھ نادرا آفس آئیں گے۔ اس کے علاوہ ایک بیٹا یا بیٹی بھی بائیو میٹرک تصدیق کے لیے موجود ہونا ضروری ہوگا، تاکہ خاندانی ریکارڈ کی توثیق مکمل کی جا سکے۔

نادرا کے مطابق اگر دونوں والدین انتقال کر چکے ہوں تو درخواست دہندہ کے ساتھ دو بہن بھائیوں کی موجودگی لازم ہے۔ شرط یہ ہے کہ ان کے شناختی کارڈز میں والدین کے نام درست درج ہوں۔ دونوں بہن بھائی بائیو میٹرک تصدیق کے ذریعے درخواست کی تصدیق کریں گے۔

طریقہ کار کے مطابق شہری سب سے پہلے قریبی نادرا رجسٹریشن سینٹر جائیں گے۔ وہاں ٹوکن حاصل کر کے اپنی باری کا انتظار کرنا ہوگا۔ باری آنے پر بائیو میٹرک تصدیق کی جائے گی اور نادرا افسر تصحیح کی درخواست پر کارروائی شروع کرے گا۔ درخواست میں والدین کے نام کے غلط اور درست املا واضح طور پر درج کرنا ضروری ہوگا۔

اگلے مرحلے میں شہری اپنی معلومات کی تصدیق کریں گے۔ ضرورت پڑنے پر نئی تصویر اور دستخط بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔ تمام مراحل مکمل ہونے کے بعد فارم نادرا سینٹر انچارج کے پاس جمع کروایا جائے گا۔ اس کے بعد اسٹینڈرڈ یا ارجنٹ پراسیسنگ فیس ادا کی جائے گی اور درخواست کی نگرانی کے لیے ٹریکنگ سلپ فراہم کی جائے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔