جمعرات، 18-دسمبر،2025
جمعرات 1447/06/27هـ (18-12-2025م)

بیانیوں سے ملک نہیں چلتے محنت اور کارکردگی سے چلتے ہیں، مریم نواز

18 دسمبر, 2025 15:25

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ بیانیوں سے ملک نہیں چلتے محنت اور کارکردگی سے چلتے ہیں۔

  وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ہونہار اسکالر شپ اور لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبا کیلئے لیپ ٹاپ سے بڑھ کر اقدامات کرنا چاہتی ہوں، میرے نزدیک کسی علاقے کی کوئی تفریق نہیں، طلبا محنت کرکے اپنے اور والدین کے خواب پورے کررہے ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ 2026 کو پنجاب کے طلبا کا سال مقرر کرتی ہوں، طلبا کے خوابوں کو ٹوٹنے نہیں دیں گے، طلبا کے خوابوں کو حقیقت کا رنگ دوں گی، گزشتہ ڈیڑھ سال میں 80 ہزار سے زائد طلبہ کو اسکالر شپس دیں، سی سی ڈی نے پنجاب کو جرائم سے پاک کیا۔

  مریم نواز نے کہا کہ میں آپ کی وزیر اعلیٰ نہیں، خادم ہوں، خواتین اور بچوں کیخلاف جرائم میری ریڈ لائن ہے، کسی کو یہ ریڈ لائن عبور نہیں کرنے دیں گے، جو امن مرد وزرائے اعلیٰ بھی قائم نہیں کرسکے وہ میں نے کر دکھایا، پنجاب میں ان دنوں فضائی آلودگی ہوتی تھی، اب کہاں گئی وہ اسموگ، ہراسگی کے واقعے پر پولیس فوری ایکشن لیتی ہے۔

   وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں اب کوئی مافیا نظر نہیں آرہا، پنجاب میں معیار زندگی بلند کرنا اپنا مشن بنالیا، جس کی زمین پر قبضہ ہے اس پر کئی سال میں نہیں گھنٹوں میں فیصلہ ہوگا، پنجاب میں مریضوں کو مفت دوائیں مل رہی ہیں، کلینک آن ویلز گھروں کی دہلیز پر جاکر کام کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدر آمد کروایا جارہا ہے، اگلے سال 5لاکھ بچوں کو تکنیکی مہارت دیں گے، عوام کی بھلائی کیلئے کٹہرے میں کھڑے ہونے کو تیار ہوں، مجھے بھی دکھ ہوتا ہے جب کسی کی ریڑھی اٹھائی جاتی ہے، سڑکیں ٹریفک کیلئے ہوتی ہیں، ریڑھیوں کیلئے نہیں۔

    مریم نواز نے کہا کہ این ایف سی کا پیسہ تمام صوبوں کو ملتا ہے، اس جھانسے میں نہیں آنا پنجاب کے پاس سب سے زیادہ پیسہ ہے، پنجاب کا پیسہ عوام پر لگتا ہے، عوام کو ریلیف دینے کے لیے کام کرنا پڑتا ہے، ان لوگوں کو جیل کے باہر دھرنے اور پروٹوکول سے فرصت نہیں، یہ لوگ اپنے لوگوں کو بھی اسکالر شپ، فری علاج دیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں بیانیے کا بہت کھیل کھیل لیا، بیانیوں سے ملک نہیں چلتے محنت اور کارکردگی سے چلتے ہیں، کام خود بولتا ہے اپنا دفاع کرتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔