جمعہ، 19-دسمبر،2025
جمعہ 1447/06/28هـ (19-12-2025م)

سرکاری نوکری کے خواہشمندوں کیلئے بڑی خوشخبری

19 دسمبر, 2025 14:07

سندھ جاب پورٹل پر سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات جنوری کے اختتام تک جاری کیے جائیں۔

کراچی میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں عوامی خدمات، ترقیاتی منصوبوں اور سرکاری بھرتیوں کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے۔

 اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے ہدایت کی کہ صوبائی جاب پورٹل پر سرکاری ملازمتوں کے اشتہارات جنوری کے اختتام تک جاری کیے جائیں تاکہ روزگار کے مواقع شفاف اور بروقت فراہم کیے جا سکیں۔

آصف حیدر شاہ نے بتایا کہ صوبائی کابینہ کے اجلاس کو مکمل طور پر ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے، جس سے حکومتی امور میں شفافیت اور تیز رفتاری آئے گی۔ انہوں نے وزیر اعظم کمپلینٹ سیل سے موصول ہونے والی شکایات کے بروقت ازالے کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت دی۔

چیف سیکریٹری سندھ نے تمام سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے اور عوامی خدمات کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے۔ پنشن کے کیسز ایک سال کے اندر جبکہ میڈیکل ری ایمبرسمنٹ کے معاملات چھ ماہ میں نمٹائے جائیں تاکہ ریٹائرڈ ملازمین اور سرکاری اہلکار غیر ضروری مشکلات سے بچ سکیں۔

اجلاس کے اختتام پر آصف حیدر شاہ نے واضح کیا کہ عوام کو بہتر، مؤثر اور بروقت خدمات کی فراہمی حکومت سندھ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے محکموں سے کہا کہ ہر شہری کو بروقت سہولت فراہم کرنے کے لیے ڈیجیٹل نظام اور شفاف انتظامات کو مضبوط بنایا جائے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔