توشہ خانہ ٹو کیس؛ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا

Toshakhana-II case: PTI founder and Bushra Bibi sentenced to 10 years in prison each
توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا سنادی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل راولپنڈی میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے افضل خان عدالت میں پیش ہوئے۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کمرہ عدالت میں موجود تھے، مجموعی طور پر 21 گواہ تھے، 18 کے بیانات قلمبند ہوئے۔
اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو 10،10سال قید کی سزا سنائی، پی پی سی دفعہ 409 کے تحت7،7 قید کی بھی سزا سنائی گئی، مجموعی طور پر دونوں کو 17،17سال قید کی سزا سنائی گئی۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی پر عدالت نے مجموعی طور پر ایک کروڑ 64 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی نے 2021 میں سعودی عرب کا دورہ کیا تھا، بانی اور بشریٰ بی بی نے تحفے میں ملنے والے گراف جیولری سیٹ کو اپنے پاس رکھ لیا تھا۔
اس حوالے سے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا مؤقف ہے کہ انہوں نے آدھی قیمت ادا کرکے تحفے پاس رکھے۔
توشہ خانہ ٹو کیس کی نیب میں 6 سماعتیں ہوئیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد کیس ایف آئی اے کو ٹرانسفر کیا گیا، 7 جنوری 2024 کو توشہ خانہ ٹو کیس کی انکوائری شروع ہوئی، 13 جولائی 2024 کو بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو گرفتار کیا گیا۔
دونوں 37 دن تک نیب کی تحویل میں رہے، تفتیش مکمل ہونے کے بعد نیب نے 20 اگست کو احتساب عدالت میں کیس کا ریفرنس دائر کیا تھا۔
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا تحریری فیصلہ
توشہ خانہ ٹو کیس میں عدالت نے بانی پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ سینئر اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد شاہ رخ ارجمند نے فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کو مجموعی طور پر 17،17 سال قید کی سزا سنائی ہے۔
تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے ہر ایک پر ایک کروڑ 64 لاکھ 25 ہزار 650 روپے جرمانے کی سزا بھی عائد کی ہے، جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں مزید 6،6 ماہ قید بھگتنا ہوگی۔
عدالت کے مطابق استغاثہ نے اپنے مقدمے میں براہِ راست، قابلِ اعتماد اور مضبوط شواہد کے ذریعے الزام ثابت کیا۔ دونوں ملزمان کو مجرمانہ خیانت اور کرپشن کے مختلف الزامات کے تحت سزا دی گئی ہے۔ توشہ خانہ ٹو کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو تعزیرات پاکستان کی دفعہ 34 اور 409 کے تحت مجرم قرار دیا گیا، جبکہ انسداد بدعنوانی ایکٹ 1947 کی دفعہ 5 ٹو کے تحت انہیں 7،7 سال قید کی سزا سنائی گئی۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو مجرمانہ خیانت کے جرم پر 10 سال جبکہ بشریٰ بی بی کو بھی مجرمانہ خیانت میں 10 سال قید کی سخت سزا دی۔ فیصلے میں ملزمان کے عرصہ حوالات کو بھی سزا میں شامل کیا گیا اور بانی کی زائد عمر اور بشریٰ بی بی کے خاتون ہونے کی بنیاد پر سزا میں رعایت دی گئی۔ عدالت نے دونوں کو دفعہ 382 بی ضابطہ فوجداری کے تحت بھی فائدہ دیا۔
تحریری فیصلے کے مطابق بانی اس کیس میں ضمانت پر تھے، تاہم دیگر مقدمات میں وہ قید میں ہیں، جبکہ بشریٰ بی بی اس کیس میں ضمانت پر تھیں مگر دیگر مقدمات کے باعث جیل میں موجود ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











