منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

مری جانے والے سیاحوں کیلئے بڑی خبر آگئی

22 دسمبر, 2025 11:34

مری میں برفباری اور حسین مناظر دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کے لیے پولیس نے اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔

 ڈسٹرکٹ پولیس مری کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو محفوظ اور خوشگوار سفر کی سہولت دینا پولیس کی اولین ذمہ داری ہے۔ اسی مقصد کے تحت سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کو مزید مؤثر بنایا گیا ہے۔

ڈی پی او مری ڈاکٹر محمد رضا تنویر سپرا کے مطابق موسم سرما کی پہلی برفباری کے آغاز کے ساتھ ہی ضلعی پولیس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ پولیس اہلکار مختلف مقامات پر تعینات ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈی پی او خود انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہفتے اور اتوار کے دوران مری میں سیاحوں کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ جاتی ہے۔ تعطیلات کے بعد بھی بڑی تعداد میں سیاح مری کا رخ کر رہے ہیں۔ اسی لیے ٹریفک مینجمنٹ پلان کو مزید فعال کر دیا گیا ہے تاکہ سڑکوں پر رش اور بدنظمی سے بچا جا سکے۔

ڈی پی او مری نے کہا کہ برفباری کے دوران سڑکیں پھسلن کا شکار ہو جاتی ہیں۔ سیاح اپنی گاڑیوں کے ٹائروں پر سنو چین کا استعمال ضرور کریں۔ غیر ضروری اوور ٹیکنگ سے گریز کریں۔ سڑک کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے فوٹو گرافی کرنے سے ٹریفک متاثر ہوتی ہے، اس لیے صرف مقررہ پارکنگ مقامات استعمال کیے جائیں۔

انہوں نے سیاحوں کو مشورہ دیا کہ سفر سے پہلے گاڑی کی مکمل جانچ کر لیں۔ خاص طور پر ہیٹر، وائپرز اور لائٹس درست حالت میں ہوں۔ گاڑی میں ایندھن وافر مقدار میں رکھیں تاکہ کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔

ڈی پی او نے ہدایت کی کہ دوران سفر بچوں اور بزرگوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے۔ گاڑی کے شیشے تھوڑے کھلے رکھیں تاکہ آکسیجن کی کمی نہ ہو۔ کسی بھی حادثے، ایمرجنسی یا مشتبہ صورتحال میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر رابطہ کریں یا قریبی پولیس اہلکار سے مدد حاصل کریں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔