منگل، 23-دسمبر،2025
منگل 1447/07/03هـ (23-12-2025م)

حکومت نے سرکاری ملازمتوں کے دروازے کھول دیئے؛ اپلائی کا طریقہ جان لیں

22 دسمبر, 2025 10:40

محکمہ داخلہ پنجاب نے نوجوانوں اور میڈیا سے وابستہ پیشہ ور افراد کے لیے روزگار کا نیا موقع فراہم کر دیا ہے۔

 میڈیا تھنک ٹینک فار ریزیلینس اینڈ کاؤنٹر نیریٹو انیشی ایٹو کے تحت مختلف آسامیوں پر بھرتی کے لیے باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد صوبے میں میڈیا سے متعلق سرگرمیوں کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

محکمہ داخلہ کے مطابق ان آسامیوں میں ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کمیونیکیشن، ڈیٹا اینالسٹ، میڈیا سیل سپروائزر، ویڈیو ایڈیٹر اور اینیمیٹر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گرافک ڈیزائنر، اردو اور انگریزی کانٹینٹ رائٹرز، سوشل میڈیا آپریشنز ایکسپرٹ، کیمرہ مین، فوٹوگرافر اور میڈیا مانیٹرنگ اسسٹنٹس کی اسامیاں بھی دستیاب ہیں۔ ہر عہدے کے لیے متعلقہ شعبے میں تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارت کو ترجیح دی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق اہل اور باصلاحیت امیدواروں کو مارکیٹ کے مطابق پرکشش تنخواہ اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ بھرتی شفاف طریقے سے کی جائے گی تاکہ بہترین افرادی قوت کا انتخاب ممکن ہو سکے۔

اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ خواہش مند امیدوار پنجاب جاب پورٹل کے ذریعے آن لائن درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔ آن لائن درخواست کے بعد امیدواروں کو اپنی درخواست کی پرنٹ کاپی، سی وی، تصدیق شدہ شناختی کارڈ، ڈومیسائل، تعلیمی اسناد، تجربہ سرٹیفکیٹس، تعریفی اسناد اور دو حالیہ پاسپورٹ سائز تصاویر رجسٹرڈ کوریئر کے ذریعے مقررہ پتے پر بھیجنا ہوں گی۔

درخواستیں جمع کروانے کی آخری تاریخ 5 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب سول سیکرٹریٹ، لوئر مال لاہور میں مقررہ وقت تک دستاویزات موصول ہونا ضروری ہے۔ مزید رہنمائی اور معلومات کے لیے امیدوار محکمہ داخلہ کے دیے گئے فون نمبر پر رابطہ بھی کر سکتے ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔