ہفتہ، 17-جنوری،2026
ہفتہ 1447/07/28هـ (17-01-2026م)

کراچی: 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کرنے والا سیریل ریپسٹ گرفتار

17 جنوری, 2026 12:18

کراچی: پولیس نے ایک بڑے اور طویل عرصے سے جاری سیریل ریپ کیس میں اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ ایسٹ انویسٹیگیشن ون کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کرنے والا ملزم عمران اور اس کا ساتھی وقاص خان گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ایس پی انویسٹیگیشن عثمان سدوزئی کے مطابق مرکزی ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے اور پنکچر کا ٹھیکہ لگاتا ہے۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے گزشتہ چھ سال کے دوران متعدد بچوں کو جنسی طور پر نشانہ بنایا، اور انہیں موٹر سائیکل کا لالچ دے کر ملیر ندی کے قریب لے جا کر زیادتی کی۔

کراچی پولیس کو 2020 سے 2025 کے دوران سات مختلف شکایات موصول ہوئی تھیں، جن کے ڈی این اے نتائج سے یہ بات سامنے آئی کہ تمام کیسز میں ایک ہی شخص ملوث تھا۔ عثمان سدوزئی نے بتایا کہ متاثرہ بچے کی شناخت پر خصوصی ٹیم نے ٹیپو سلطان میں کارروائی کی، جس کے نتیجے میں مطلوبہ ملزمان گرفتار ہوئے۔

ایس ایس پی انویسٹیگیشن کے مطابق تین کیسز میں متاثرہ بچوں نے عمران کو شناخت کیا، جبکہ ایک کیس میں بچے نے وقاص خان کے ساتھ عمران کو پہچانا۔ ایک موقع پر دونوں ملزمان نے ایک بچے کو سرجانی لے جانے کی کوشش کی، مگر بچے کے شور مچانے پر وہ فرار ہو گئے۔

پولیس ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر اور ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کی، اور ایسٹ انویسٹیگیشن نے 11 دن کے اندر کیس کو حل کر کے ملزمان کو گرفتار کیا۔ اس ٹیم میں ایس ایس پی ملیر آصف بگیو، ایس پی انویسٹیگیشن کورنگی قیس خان اور ایس ایس پی اے وی سی سی آصف رضا بھی شامل تھے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی کراچی میں بچوں کے تحفظ کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور مجرموں کو کڑی سزا دلانے کے لیے قانونی عمل جاری ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔