افغانستان میں پاک فوج نے وہ مزہ چکھایا کہ دہشت گرد بھاگنے پر مجبور ہوگئے، گورنر سندھ

گورنر سندھ نے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے دشمن عناصر کو سخت پیغام دیا ہے کہ پاکستان اپنی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے پوری امت مسلمہ کی طاقت کو للکارنے کے مترادف قرار دیا۔
انہوں نے افغانستان کی حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہمیشہ افغان بھائیوں کی مدد کی لیکن اب ہماری سرزمین پر دہشت گردی برداشت نہیں کی جائے گی۔
گورنر سندھ نے کہا کہ افغان عوام اپنی حکومت کو باور کرائیں کہ پاکستان نے ان کے لیے اس وقت اپنے دروازے کھولے، جب پوری دنیا منہ موڑ چکی تھی؛ یہاں تک کہ بڑے بڑے جید علماء نے بھی پاکستان کے مدارس سے فیض حاصل کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے افغان قیادت کو واضح کر دیا ہے کہ ہمارے بے گناہ شہریوں کے قاتل ان کی سرزمین پر پناہ لیے ہوئے ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ برادرانہ تعلقات کی خواہش کی لیکن افسوس کہ افغان حکومت نے جواب میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کی۔
یہ بھی پڑھیں : پاک فوج کی افغانستان میں پچاس مختلف مقامات پر کارروائی، دہشت گردوں کے کیمپ تباہ
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں چھپے دہشت گردوں کو پاک فوج نے وہ مزہ چکھایا ہے کہ وہ اپنی کمین گاہیں چھوڑ کر بھاگ گئے ہیں اور ان کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں۔
انہوں نے بھارت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب بھی پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری آتی ہے، بھارت بلوچستان میں دہشت گردی کروانا شروع کر دیتا ہے۔
کامران ٹیسوری نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ایک انتہائی مضبوط قوت ہے اور جو بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا اسے نیست و نابود کر دیا جائے گا۔
انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر کی شہادت پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا جذبہ ایمان غیر متزلزل ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










