ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کی شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026: پاکستان کی شرکت کا حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو ہوگا
اسلام آباد: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی شرکت سے متعلق حتمی فیصلہ جمعہ یا پیر کو سامنے آ جائے گا۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ اہم اور مفید ملاقات ہوئی ہے، جس میں آئی سی سی سے متعلق معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت دی ہے کہ تمام ممکنہ آپشنز کو سامنے رکھ کر مسئلے کا ایسا حل نکالا جائے جو پاکستان کے قومی مفاد میں ہو۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پاکستان کی ورلڈ کپ میں شرکت، ممکنہ احتجاج اور دیگر سفارتی پہلوؤں پر بھی بات چیت کی گئی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی سی بی نے وزیراعظم کے سامنے تمام آپشنز رکھ دیے ہیں، جن میں مکمل شرکت، مشروط شرکت اور ممکنہ بائیکاٹ جیسے پہلو شامل ہیں۔
ملاقات میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے مؤقف اور دیگر شراکت دار ممالک کی رائے پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی آئندہ چند دنوں میں دیگر اسٹیک ہولڈرز سے بھی مشاورت کریں گے جبکہ قومی ٹیم کی شرکت سے متعلق وزارت خارجہ کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔
حکومت چاہتی ہے کہ فیصلہ جلد ہو تاکہ کھلاڑیوں، شائقین اور عالمی کرکٹ اداروں میں کسی قسم کی بے یقینی باقی نہ رہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












