پاکستان اور بنگلہ دیش کو دبایا گیا تو کرکٹ تباہ ہو جائے گی، ناصر حسین آئی سی سی پر برس پڑے

پاکستان اور بنگلہ دیش کو دبایا گیا تو کرکٹ تباہ ہو جائے گی، ناصر حسین آئی سی سی پر برس پڑے
سابق انگلش کپتان ناصر حسین نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر دوہرے معیار اپنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان اور بنگلہ دیش کو دبایا گیا تو اس کے نتائج عالمی کرکٹ کے لیے تباہ کن ہوں گے۔
ناصر حسین کا کہنا تھا کہ اگر بنگلہ دیش کی جگہ بھارت وینیو تبدیل کرنے کا مطالبہ کرتا تو کیا آئی سی سی بھی اسی طرح کا سخت ردِعمل دکھاتی؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا بھارت کو بھی کسی ایونٹ سے باہر کرنے کی ہمت کی جاتی؟
سابق کپتان نے واضح کیا کہ آئی سی سی کو بنگلہ دیش اور پاکستان کے ساتھ بھی وہی برابری کا رویہ اختیار کرنا چاہیے جو بھارت کو حاصل ہے۔ ان کے مطابق کرکٹ میں انصاف اور یکساں اصول نہ ہوں تو کھیل کی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔
ناصر حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش نے اپنے مؤقف پر قائم رہ کر یہ ثابت کیا کہ وہ اپنے کھلاڑیوں کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ پاکستان نے بنگلہ دیش کا ساتھ دے کر درست فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نہ کسی کو یہ کہنا ہوگا کہ سیاست بہت ہو چکی، اب کرکٹ کو کھیل ہی رہنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے سیاسی دباؤ کے باعث بعض فیصلے کیے، جس سے کرکٹ میں سیاست کی آمیزش واضح ہو گئی ہے۔ کبھی ہاتھ نہ ملانا، کبھی ٹرافی نہ لینا جیسے رویے کھیل کے لیے نقصان دہ ہیں۔
ناصر حسین کے مطابق پاکستان نے شدید پابندیوں اور مشکلات کے باوجود ہمیشہ اعلیٰ معیار کی کرکٹ پیش کی ہے، اور اگر پاکستان اور بنگلہ دیش کو مسلسل دبایا گیا تو عالمی کرکٹ کا توازن بگڑ جائے گا اور کھیل کا مستقبل خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












