وزیرستان کی کمسن بچی کی بولنگ کے چرچے، جاوید آفریدی نے اپنی لیگ میں شامل کرلیا

خیبر پختونخوا کے علاقے شمالی وزیرستان سے تعلق رکھنے والی کمسن بچی آئینہ وزیر کی شاندار بولنگ نے سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے۔ بچوں کے ایک مقامی کرکٹ میچ میں ان کی فاسٹ بولنگ کی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ آئینہ وزیر نہایت اعتماد کے ساتھ تیز رفتار بولنگ کر رہی ہیں۔ ان کی ایکشن اور رفتار نے صارفین کو حیران کر دیا۔ سوشل میڈیا پر لوگ ان کی صلاحیت کو سراہ رہے ہیں اور ان کے روشن مستقبل کے لیے دعائیں دے رہے ہیں۔
مقامی شائقین کا کہنا ہے کہ وزیرستان سمیت دیگر علاقوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، لیکن سہولیات اور رہنمائی کی کمی کے باعث یہ صلاحیتیں سامنے نہیں آ پاتیں۔ آئینہ وزیر کی ویڈیو نے ایک بار پھر اس مسئلے کو اجاگر کیا ہے۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پاکستان سپر لیگ کی معروف فرنچائز پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی نے آئینہ وزیر کو اپنی آئندہ Zalmi Women League کا حصہ بنانے کا اعلان کر دیا۔
جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ آئینہ وزیر ایک غیر معمولی باصلاحیت کھلاڑی ہیں اور ایسا ٹیلنٹ بہترین پلیٹ فارم کا مستحق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ Zalmi Women League بچیوں کو آگے بڑھنے کا موقع فراہم کرنے کے لیے بنائی گئی ہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آئینہ وزیر کو مکمل کرکٹ سامان اور ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھار سکیں۔ جاوید آفریدی نے سوشل میڈیا صارفین سے بھی اپیل کی کہ آئینہ وزیر کی تفصیلات شیئر کی جائیں تاکہ ٹیم براہِ راست رابطہ کر سکے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












