پی ایچ ایف کے صدر طارق بگٹی عہدے سے مستعفی، ہاکی ٹیم کے کپتان پر پابندی لگاگئے

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ استعفے سے قبل انہوں نے قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر دو سال کی پابندی عائد کر دی۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طارق بگٹی نے کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ وزیر اعظم کو بھجوا دیا ہے جبکہ عماد بٹ دو سال تک کسی بھی ڈومیسٹک یا انٹرنیشنل ایونٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
انہوں نے آسٹریلیا کے دورے کے دوران پیش آنے والے انتظامی مسائل کا بھی ذکر کیا۔ ان کے مطابق ٹیم کو وہاں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ہوٹل بکنگ اور دیگر اخراجات وقت پر ادا نہیں کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ پاکستان اسپورٹس بورڈ کی جانب سے فنڈز کی تاخیر تھی۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ فیڈریشن کے پاس اتنے وسائل نہیں تھے کہ وہ خود تمام معاملات سنبھال سکتی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ خود اسپورٹس بورڈ گئے اور فنڈز کی درخواست کی، مگر انہیں بتایا گیا کہ رقم کی فراہمی میں دو ماہ لگ سکتے ہیں۔
انہوں نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا کر مکمل تحقیقات کی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی بھی سطح پر بدانتظامی ہوئی ہے تو ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے۔
طارق بگٹی نے یہ بھی کہا کہ ٹیم کی عالمی درجہ بندی میں بہتری آئی ہے۔ پہلے پاکستان کی رینکنگ 18 ویں تھی جو اب 13 ویں ہو گئی ہے۔ انہوں نے اسے اپنی کارکردگی کا اہم نتیجہ قرار دیا۔
دوسری جانب وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اسپورٹس بورڈ کی تین رکنی کمیٹی نے اپنی انکوائری مکمل کر لی ہے۔ رپورٹ وزیر اعظم آفس کو بھجوا دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق رپورٹ میں مالی معاملات پر سوالات اٹھائے گئے ہیں۔ کچھ نکات میں پاکستان ہاکی فیڈریشن کو بھی ذمہ دار قرار دیا گیا ہے۔ امکان ہے کہ رپورٹ کی روشنی میں مزید فیصلے کیے جائیں گے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












