جمعہ، 10-اپریل،2026
جمعہ 1447/10/22هـ (10-04-2026م)

پی ایس ایل دنیا کی نمبر ون لیگ بنے گی، محسن نقوی کا پی سی بی بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب

05 اپریل, 2026 14:15

چیئرمین پی سی بی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ، اینٹی کرپشن کوڈ اور سعودی عرب کے ساتھ کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون کی منظوری دے دی گئی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے بورڈ آف گورنرز کا بیاسی واں اجلاس لاہور میں چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں کرکٹ کی بہتری اور انتظامی معاملات کے حوالے سے کئی اہم فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں مالی سال برائے دو ہزار چوبیس پچیس کے سالانہ آڈٹ اور مالیاتی گوشواروں کی باضابطہ منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ آئی سی سی کے عالمی اینٹی کرپشن کوڈ کی روشنی میں پی سی بی کے نئے طریقہ کار کے قوانین کو بھی منظور کیا گیا۔

ایک اہم عالمی پیش رفت کے طور پر سعودی عرب کرکٹ فیڈریشن کے ساتھ جدہ میں کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر و ترقی کے لیے تعاون کی یادداشت پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : پی ایس ایل میں نیا قانون متعارف، ٹاس کے بعد ٹیم منتخب کرنے کی اجازت

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اب سرمایہ کاری کے لیے ایک بہترین عالمی مارکیٹ بن چکی ہے اور وہ دن دور نہیں جب یہ دنیا کی سب سے بڑی کرکٹ لیگ بنے گی۔

بورڈ نے پی ایس ایل الیون کے لیے ٹیموں کی ریکارڈ نیلامی پر خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کے لیے عبداللہ خرم نیازی کی دو سالہ خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

اجلاس میں لاہور کے زونز کی دوبارہ حد بندی اور نئے ناموں کی تجویز بھی منظور کی گئی۔ اجلاس میں انوار احمد غنی، طارق سرور اور دیگر ممبران سمیت ظہیر عباس نے آن لائن شرکت کی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔