پیر، 13-اکتوبر،2025
پیر 1447/04/21هـ (13-10-2025م)

کیا ایلون مسک ٹک ٹاک کو بھی خرید رہے ہیں؟

14 جنوری, 2025 14:29

چینی حکام ٹک ٹاک کو ارب پتی ایلون مسک کو فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

بلومبرگ کے مطابق چینی حکام امریکی ٹک ٹاک آپریشنز کو ارب پتی ایلون مسک کو فروخت کرنے پر غور کر رہے ہیں کیونکہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم کو امریکی قانون کا سامنا ہے جس کے تحت وہاں اسے فروخت کی ضرورت ہے۔

رپورٹ میں اس معاملے سے واقف افراد کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ بیجنگ میں ایک منظر نامے پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے جہاں ایلون مسک کی سوشل میڈیا کمپنی ایکس چینی مالک بائٹ ڈانس سے ٹک ٹاک خریدے گی اور اسے ایکس میں ضم کرے گی۔

رپورٹ میں ٹک ٹاک کے امریکی آپریشنز کی مالیت کا تخمینہ 40 سے 50 ارب ڈالر لگایا گیا ہے۔

اگرچہ مسک کو اس وقت دنیا کا امیر ترین شخص قرار دیا گیا ہے، بلومبرگ کا کہنا ہے کہ یہ واضح نہیں کہ ایلون مسک اس لین دین کو کس طرح انجام دے سکتے ہیں، یا کیا انہیں دیگر اثاثے فروخت کرنے کی ضرورت ہوگی۔

امریکی حکومت نے گزشتہ سال ایک قانون منظور کیا تھا جس کے تحت ٹک ٹاک کے بائٹ ڈانس کو یا تو اس مقبول پلیٹ فارم کو فروخت کرنا ہوگا یا اسے بند کرنا ہوگا۔ نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے ایک روز قبل اس قانون کا اطلاق ہوگا۔

امریکی حکومت کا الزام ہے کہ ٹک ٹاک بیجنگ کو ڈیٹا اکٹھا کرنے اور صارفین کی جاسوسی کرنے کی اجازت دیتا ہے اور یہ پروپیگنڈا پھیلانے کا ایک ذریعہ ہے تاہم چین اور بائٹ ڈانس ان دعووں کی سختی سے تردید کی ہے۔

بلومبرگ نے بیجنگ کی جانب سے ایلون مسک کے ممکنہ لین دین پر غور کو ‘ابھی ابتدائی’ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ چینی حکام ابھی تک اس بات پر اتفاق رائے پر نہیں پہنچ سکے ہیں۔

ٹک ٹاک نے فوری طور پر اے ایف پی کی جانب سے تبصرہ کرنے کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قریبی اتحادی ہیں جن سے توقع ہے کہ وہ آئندہ چار سالوں میں واشنگٹن میں ایک بااثر کردار ادا کریں گے۔

Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔