گرمیوں میں مکھیوں سے چھٹکارا پانے کے مؤثر گھریلو ٹوٹکے

گرمیوں میں مکھیوں سے چھٹکارا پانے کے مؤثر گھریلو ٹوٹکے
آج ہم آپکو گرمیوں میں مکھیوں سے چھٹکارا پانے کے مؤثر گھریلو ٹوٹکے بتائیں گے۔
جیسے ہی گرمیوں کا موسم شروع ہوتا ہے مکھیوں کا گھروں میں داخل ہونا ایک عام مسئلہ بن جاتا ہے۔ یہ مکھیاں نہ صرف گھر کے ماحول کو خراب کرتی ہیں بلکہ کھانے کو آلودہ کر کے مختلف بیماریوں کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔ لہٰذا ان سے نجات حاصل کرنا صحت کے لیے ضروری ہے۔
اگر آپ بھی اپنے گھر میں مکھیوں کی بھنبھناہٹ سے تنگ آ چکے ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہم آپ کو کچھ آسان اور مؤثر گھریلو ٹوٹکے بتا رہے ہیں، جنہیں اپنا کر آپ مکھیوں سے چھٹکارا پا سکتے ہیں۔
تیز پات کا استعمال
تیز پات مکھیوں اور مچھروں کو دور بھگانے میں بہت مؤثر ثابت ہوتا ہے۔ اس کے لیے ایک مٹی کے پیالے میں پانچ تیز پات، پانچ کافور کے ٹکڑے اور دو چمچ نیم یا سرسوں کا تیل ڈال کر جلا دیں۔ اس عمل کے دوران گھر کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں، تاکہ دھواں پورے کچن میں پھیل جائے۔ تیز پات کی خوشبو مکھیوں کو بھگانے میں مددگار ثابت ہوگی۔
بیکنگ سوڈا اور لیموں کا استعمال
مکھیاں عام طور پر گندگی اور نمی والی جگہوں پر زیادہ جمع ہوتی ہیں، اس لیے کچن کے کاؤنٹر، سینک، اور ڈسٹ بن کو صاف رکھنا بہت ضروری ہے۔ بیکنگ سوڈا اور لیموں کا استعمال مکھیوں کو بھگانے کے لیے ایک بہترین قدرتی حل ہے۔ اس کے لیے کچن کی مختلف جگہوں پر بیکنگ سوڈا چھڑکیں اور اس پر لیموں کا رس ڈال دیں۔ یہ نہ صرف مکھیوں کو دور کرے گا بلکہ کچن میں موجود جراثیم اور بیکٹیریا کو بھی ختم کرے گا۔
لہسن کا اسپرے
لہسن کی تیز خوشبو مکھیوں کو دور بھگانے میں بہت مؤثر ہے۔ اس کے لیے ایک ثابت کالی مرچ کو تین لہسن کے جوؤں کے ساتھ پیس کر اسپرے بوتل میں پانی کے ساتھ مکس کریں۔ اس مکسچر کو کچن کے دروازوں، کھڑکیوں اور کونوں پر چھڑکیں۔ لہسن کی تیز بو مکھیوں کو کچن میں داخل ہونے سے روک دے گی۔
مکھیوں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر
مکھیوں سے بچنے کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھنا ضروری ہے۔ کچن میں کھانے کی اشیاء کو ڈھانپ کر رکھیں، کوڑے دان کو روزانہ صاف کریں، اور گھر کے اردگرد پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ اس کے علاوہ کھڑکیوں اور دروازوں پر جالی لگوانا بھی مکھیوں کو گھر میں داخل ہونے سے روکنے کا ایک مؤثر طریقہ ہے۔
Catch all the Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.